تونس میں بینک ڈکیتی

تونس (سیاست ڈاٹ کام) تیونیشیا میں الجیریا کی سرحد کے قریب کیسرن شہر میں مسلح بدمعاش تونس کی بینک پر حملہ کرکے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ تونس کے سیکورٹی ذرائع نے اس میں دہشت گردوں کے کردار کا شبہ ظاہر کیا ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق گیارہ مسلح بدمعاشوں نے اس جرم کے ارتکاب کے لئے مسروقہ گاڑی کا استعمال کیا۔ بدمعاشوں نے بینک سے کتنی رقم لوٹی اس کی ابھی تک وضاحت نہیں ہوسکی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ 2015 دولت اسلامیہ کے مسلح افراد کے ذریعہ دارالحکومت کے ایک میوزیم میں اور سمندری ساحل پر درجنوں کی تعداد میں سیاحوں کے قتل کے بعد سے ہائی ارلٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق تین ہزار سے زیادہ تونس کے شہری شام، عراق اور لیبیا میں جہادی گروپ کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔ ان میں سے کئی جنگ میں مارے گئے ہیں جبکہ کئی دیگر جیلوں میں بند ہیں یا پھر تونس واپس لوٹنے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے ۔