تومر کی گرفتاری قانون کے مطابق : کمشنر

نئی دہلی 9 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے کمشنر پولیس بی ایس بسی نے آج کہا کہ وزیرقانون جتیندر سنگھ تومر کی فرضی ڈگری کیس میں گرفتاری پوری طرح قانونی اوردرست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے ۔ بہت جلد انہیں عدالت میں پیش کیا جائیگا ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تومر کی گرفتاری قانون کے مطابق کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسگرفتاری کے پس پردہ کوئی سازش نہیں ہے اور اسے ایک سیاسی رنگ دینا بھی درست نہیں ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پونیت متل نے تومر کے خلاف 11 مئی کو شکایت درج کروائی تھی اور کہا تھا کہ تومر کی سند فرضی ہے ۔

بہار کے تعلق سے انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی : سی پی آئی
نئی دہلی 9 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار اسمبلی انتخابات کیلئے کسی سیکولر اتحاد میںشمولیت سے قبل سی پی آئی انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی اختیار کریگی اور اس کیلئے بائیں بازؤ کا اتحاد اہمیت کا حامل ہوگا ۔ سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے بتایا کہ ان کی پارٹی کا سہ روزہ قومی کونسل اجلاس جاریہ ماہ کے ختم پر چندی گڑھ میں منعقد ہوگا اور بہار اسمبلی انتخابات سے متلعق فیصلہ وہاں کیا جائیگا ۔ انہوںنے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں ان کی پارٹی کا جے ڈی یو سے اتحاد رہا تھا تاہم بہار اسمبلی انتخابات کے تعلق سے ابھی تک انہوں نے غور و خوض یا تبادلہ خیال شروع نہیں کیا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ تمام بائیںبازو کی جماعتوں کے ساتھ پہلے مشاورت کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے بائیں بازو کی جماعتوں کا اتحاد اولین ترجیح ہوگا ۔