تنہا مقابلہ ‘ طاقت کا اندازہ کرنے کا موقع : بی جے پی

حیدرآباد 5 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) بی جے پی کا ماننا ہے کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرنے سے اسے ریاست میں اپنی حقیقی طاقت کا پتہ چلانے میں مدد مل سکتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ پارٹی نے مہاراشٹرا اور آسام کی طرز پر یہاںقسمت آزمائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی جے پی نے 2014 کے انتخابات میں چندرا بابو نائیڈو کی تلگودیشم سے اتحاد کیا تھا ۔ تلنگانہ میں بی جے پی نے تلگودیشم سے اتحاد دو سال قبل ہی ختم کرلیا تھا جبکہ آندھرا میں تلگودیشم نے خود بی جے پی سے دوری اختیار کرلی ہے ۔ بی جے پی ریاستی ترجمان کرشنا ساگر راو کا کہنا ہے کہ ریاست میں مسلسل اتحاد کی وجہ سے بی جے پی کو اپنے کارکنوں کو امیدوار بنانے کا موقع نہیں مل سکا تھا ۔ یہ صورتحال کئی دہوں سے رہی تھی ۔ اس صورتحال میں پارٹی کی حقیقی طاقت اور مقبولیت کا پتہ نہیں چل پایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ہم ریاست میں تنہا مقابلہ کو اپنے لئے ایک موقع سمجھ رہے ہیں اور اپنے امیدواروں کو میدان میں اتاریں گے تاکہ ریاست میں اور ان حلقوں میں پارٹی کی حقیقی طاقت کا اندازہ کیا جاسکے جو کئی دہوں سے نہیں ہوسکا ہے ۔