تنڈولکر کا کشمیری متاثرین کیلئے راحت کاری اشیاء کا عطیہ

جموں ، 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) لجنڈری کرکٹر سچن تنڈولکر نے آج جموں و کشمیر میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد میں آگے بڑھ کر کئی ٹرک بھر کر راحت کاری اشیاء کا عطیہ دیا جو پانچ ٹن خوردنی چیزوں اور 1000 بلانکٹس کے علاوہ دیگر اہم سامان پر مشتمل ہے، جموں و کشمیر سی اے سے وابستہ عہدہ دار رنجیت کالرا نے یہ اطلاع دی۔ دو ٹرک لوڈ ریلیف اشیاء کی پہلی کھیپ 400 واٹر فلٹرز پر مشتمل رہی ،جو روزانہ 10 ہزار لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرائیں گے۔ اس کے علاوہ 100,000 کلورین ٹیبلٹس پہنچیں تاکہ اگلے تین ماہ تک 10,000 گھرانوں کیلئے پانی کو صاف کیا جاسکے۔ راحت کاری سامان میں 5 ٹن خوردنی اشیاء (خشک غذا اور ترکاریاں) نیز 1000 بلانکٹس بھی تھے۔ یہ تمام اشیاء تنڈولکر کی جانب سے بھیجی گئیں جس میں ایس اے آر گروپ آف کمپنیز (لومینس ؍ لیوپیور) نے مدد کی، اور جموں میں یہ سامان ڈیویژنل کمشنر شانتمنو نے وصول کیا ۔ آئی اے ایس آفیسر شانتمنو نے حکومت اور چیف منسٹر عمر عبداللہ کی طرف سے سچن کا شکریہ ادا کیا اور اس سامان سے متاثرین کی مدد کا یقین دلایا ہے۔