تنڈولکر، شاہ رخ انٹرنٹ کی مشہور شخصیتوں میں شامل

نیویارک ، 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ کے لجنڈ سچن تنڈولکر اور بالی ووڈ کے دلوں کی دھڑکن شاہ رخ خان ایسی 100 شخصیتوں میں شامل ہیں جنھیں انٹرنٹ پر لوگ بہت محبوب رکھتے ہیں، ٹائم میگزین کی ترتیب دی گئی ایک فہرست سے یہ بات سامنے آئی ہے۔ اس فہرست میں سب سے اوپر سابق امریکی صدر جارج بش ہیں جن کا اسکور 65.6 پوائنٹس ہے۔ اُن کے پیشرو براک اوباما کو 45.3 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا مقام ملا ہے۔ تنڈولکر کا اس فہرست میں 68 واں رینک اور 23.98 پوائنٹس ہیں ۔ تاہم شاہ رخ 22.07 کے کم اسکور کے ساتھ 99 کے دوسرے آخری رینک پر ہیں۔ وزیراعظم پاکستان نواز شریف کا 22.08 پوائنٹس کے ساتھ شاہ رخ سے ایک درجہ بہتر ہے۔ یہ فہرست عالمی قائدین اور مشہور شخصیتوں کے تعلق سے آن لائن اور اُن کے وکی پیڈیا صفحات پر موجود ڈیٹا جمع کرتے ہوئے ترتیب دی گئی ہے۔ اس فہرست میں سنگر میڈونا بھی نمبر تین پر شامل ہے جن کے بعد معروف شخصیتوں میں سابقہ سکریٹری آف اسٹیٹ ہلاری کلنٹن (11)، روسی صدر ولادیمر پوتین (27) موجود ہیں۔

ہیرات میں امریکی قونصل خانہ کی گاڑی پر حملہ ، 2 زخمی
ہیرات۔ 28 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے مغربی شہر ہیرات میں امریکی قونصل خانہ کی گاڑی پر حملہ کیا گیا جس میں دو امریکی معمولی زخمی ہوئے۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جبکہ پانچ دن قبل اسی شہر میں ہندوستانی قونصل خانہ پر حملہ کیا گیا تھا۔ امریکی گاڑی ہیرات میں ایرپورٹ جارہی تھی کہ نامعلوم بندوق برداروں نے جو موٹر بائیک پر سوار تھے، گولی چلائی۔ اس حملے میں گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔