تنوع ہماری زندگی ، بقائے باہم کی اقدار یقینی بنائیں :صدرجمہوریہ

نئی دہلی ۔ /29 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) فرقہ وارانہ اور ذات پات پر مبنی پرتشدد واقعات کے پس منظر میں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج ایک بار پھر پرزور انداز میں کہا کہ تنوع کی اہمیت ہے ۔ ہماری زندگی تنوع ہے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئیے کہ بقائے باہم ، باہمی مذاکرات ، باہمی مفاہمت اور امن کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظریات انسانی ترقی کے ہیں جو ہندوستان اور آفریقہ میں مشترک ہیں ۔ ان نظریات کے ذریعہ ہم مشترکہ طور پر باقی دنیا کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور تنازعات اور بحرانوں سے نمٹ رہے ہیں ۔ صدرجمہوریہ یہ تبصرہ نمایاں اہمیت رکھتا ہے کیونکہ حالیہ عرصہ میں بعض واقعات فرقہ پرستی اور ذات پات کی نفرت کی بنیاد پر پیش آئے ہیں جیسے دادری سانحہ ، بڑے گوشت پر تنازعہ اور ہریانہ میں دلتوں کے خاندان کو نذر آتش کرنا ۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ نوآبادیاتی سامراج کے مشکل دور میں جبکہ ظالمانہ جبر ، معاشی محرومی اور نسلی تعصب ہمارے لئے بڑے چیالنج تھے لیکن اب حالات تبدیل ہوگئے ہیں ۔ ہمیں غربت اور بیماری ، دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ ، تعلیم کے فقدان اور تربیت کی کمی پر مشترکہ جدوجہد کے ذریعہ قابو پانا چاہئیے ۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ ہندوستان اور آفریقہ دونوں اس جدوجہد میں شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں ۔ہم ان چیالنجوں پر قابو پائیں گے اور ملک کی ترقی کو یقینی بنائیں گے ۔ اس جمہوری تجربے میں ہندوستان اپنا حصہ ادا کرنے کیلئے تیارہے۔