ممبئی۔ 6 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار نانا پاٹیکر نے 2008ء کی ایک فلم کے سیٹس پر اداکارہ تنو شری دتہ سے کسی قسم کی بدسلوکی کی تردید کی اور ان (دتہ) کے دعوؤں کو ’جھوٹ‘ قرار دیا۔ دتہ نے اپنے حالیہ ٹی وی انٹرویو میں یہ الزام عائد کی تھی کہ 10 سال قبل ’ہارن پلیز او کے‘کیلئے ایک خصوصی گانے کی شوٹنگ میں جب وہ دونوں مصروف تھے، پاٹیکر نے ان سے بدسلوکی کی تھی۔ پاٹیکر نے جو اپنی آنے والی فلم ’’ہاؤزفل 4‘‘ کیلئے جودھپور میں شوٹنگ میں مصروف تھے، آج ممبئی واپس پہونچے۔ پاٹیکر نے ایرپورٹ پر اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’جھوٹ (بہرحال) جھوٹ ہی ہوتا ہے۔ 10 سال قبل میں یہ کہہ چکا ہوں۔ پاٹیکر کو ایرپورٹ سے باہر نکلتے ہی عہدیداروں نے گھیر لیا تھا۔ جودھپور ایرپورٹ پر بھی اخباری نمائندوں نے ان کے اس الزام کے بارے میں پوچھا تھا لیکن انہوں نے اس پر خاموشی برقرار رکھی اور اس سوال کا جواب نہ دینا ہی پسند کیا تھا تاہم اس ضمن میں میڈیا سے تفصیلی بات چیت کے بارے میں ایک سوال پر پاٹیکر نہ جواب دیا کہ ’’یہ ہوسکتا ہے‘‘۔ توقع ہے کہ 67 سالہ اداکار 8 اکتوبر کو پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ پاٹیکر کے وکیل نے تنو شری دتہ کو نوٹس روانہ کی ہے۔