حیدرآباد 28 اگسٹ (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے اے سی) پروفیسر ایم کودنڈا رام نے کہاکہ حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ تنقید برداشت کریں۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے ان ریمارکس کے پس منظر میں کہ بے بنیاد الزامات لگانے والے اپوزیشن قائدین کو جیل بھیج دیا جائے گا۔ کودنڈا رام نے چیف منسٹر کے ریمارکس پر اعتراض کیا۔ انھوں نے کہاکہ جمہوریت میں حکمرانوں کو اپوزیشن کی تنقید کا مثبت انداز میں جواب دینا چاہئے۔ اپوزیشن پارٹیوں کی تنقید کا جواب اس طرح دینا چاہئے کہ تنقید کرنے والے قائل ہوجائیں۔ کودنڈا رام نے سپریم کورٹ کی طرف سے چیف منسٹر ٹاملناڈو جئے للیتا کو دیئے گئے اس مشورہ کا ذکر کیا کہ وہ اپوزیشن پارٹی پر ہتک عزت کا کیس دائر کرنے کی بجائے اپوزیشن کے الزامات سے سیاسی طور پر نمٹیں۔ تلنگانہ تحریک میں نمایاں رول ادا کرنے والے کودنڈا رام نے تلنگانہ حکومت کو تحمل برتنے کا مشورہ دیا۔ کودنڈا رام تلنگانہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔