نئی دہلی ۔19اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے تنخواہ یافتہ ملازمین کو سال 2018-19ء کے انکم ٹیکس ریٹرنس میں کسی بھی قسم کی ہیر پھر کے خلاف انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی آمدنی اور کٹوتی کی رقم میں شفافیت کا مظاہرہ کریں اور ساتھ ساتھ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کو بھی انتباہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ ملازمین کو ٹیکس چوری کیلئے نہ اکسائیں ‘ ورنہ ان کے خلاف انکم ٹیکس ایکٹ کے تحت نہ صرف جرمانہ عائد کیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف مقدمہ بھی چلایا جائے گا ۔ یہ نئے رہنمایانہ اصول انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے انکم ٹیکس ریٹرنس (ITR) فارمس کی نوٹس کے جواب میں سنٹرل پروسیسنگ سنٹر بنگلور کی جانب سے جاری کئے گئے ۔ اس نوٹیفکیشن کے تحت پہلی مرتبہ ملازمین کو پابند کیا گیا کہ وہ اپنی تنخواہ کی تفصیلات کے ساتھ کٹوتی رقم اور اپنی ذاتی جائیداد کی آمدنی کی تفصیلات بھی 2018-19ء ریٹرنس فارم میں داخل کریں ۔ ان حاصل شدہ تفصیلات کی بنیاد پر محکمہ انکم ٹیکس تنخواہ یاب ملازمین کے خلاف کسی بھی چوری اور جھوٹ کی چھان بین کرے گا ۔