تمباکو کے استعمال سے ہر سال 9لاکھ اموات

نئی دہلی۔ یکم مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں تمباکو کے استعمال سے ہونے والی بیماریوں کے باعث ہر سال9لاکھ افراد فوت ہوجاتے ہیں اور عوام کو تمباکو کے استعمال سے باز رکھنے کیلئے حکومت سلسلہ وار اقدامات کررہی ہے۔ راجیہ سبھا میں آج یہ اطلاع دی گئی، اور بتایا گیا کہ ٹوباکو کنٹرول ان انڈیا (2004) رپورٹ کے مطابق ہر سال 8تا9لاکھ افراد تمباکو مصنوعات کے استعمال سے فوت ہوتے ہیں جبکہ تمباکو استعمال سے مختلف امراض پیدا ہورہے ہیں۔جس میں 78فیصد فالج کا حملہ، 65.6فیصد تپ دق ( ٹی بی )، 85.2 فیصد امراض قلب، 52فیصد جلدی امراض، 43فیصد منہ کا سرطان اور 16فیصد پھیپھڑوں کا سرطان سے متاثرہ افراد شامل ہیں۔ مرکزی وزیر صحت جے پی ندا نے ایک تحریری جواب میں یہ اطلاع دی اور بتایا کہ حکومت نے  تمباکو اشیاء کے استعمال سے عوام کو باز رکھنے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور قومی سطح پر شعور بیداری مہم بھی چلائی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں بیڑی اور سگریٹ کے ڈبیوں پر نئی تصاویر چسپاں کی جارہی ہیں تاکہ تمباکو استعمال کے خلاف خبردار کیا جاسکے۔