تمام مذاہب کے پیروکار مساوی سلوک کے حامل: ریتا بہوگنا جوشی

لکھنؤ۔/22اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس لیڈر ریتا بہوگنا جوشی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شخص ملک میں اگر کسی بااختیار عہدہ پر فائز ہے تو اس کا فرض ہے کہ وہ تمام مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ مساوی سلوک کرے کیونکہ ایسا کرنے یا نہ کرنے سے ملک کے عوام کے ذہنوں پر بھی مثبت یا منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ملک کے دستور کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس میں واضح طور پر تحریر ہے کہ جو صاحب اقتدار ہے اسے تمام مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ مساوی سلوک روا رکھنا چاہیئے۔

کسی بھی وزیر کا ذہن مذہبی معاملہ میں تنگ نظری کا شکار نہیں ہونا چاہیئے۔ یاد رہے کہ وشوا ہندو پریشد سربراہ پروین توگاڑیا کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے جہاں انہوں نے منافرت انگیز تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہندو علاقوں میں مسلمانوں کوجائیدادوں کی خریداری کرنے سے روکنا چاہیئے جبکہ خود توگاڑیہ نے ایسے کسی منافرت انگیز بیان دینے کی تردید کی ہے اور کہا کہ یہ ان کے خلاف گہری سازش ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے توگاڑیہ کی تقریر کا ٹیپ طلب کیا ہے۔