تمام مذاہب اور طبقات کے ساتھ یکساں سلوک حکومت تلنگانہ کی ترجیح

تنظیم ہمارا ہندوستان کی عید ملاپ تقریب ، وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔23جولائی(سیاست نیوز) تمام مذہب اور طبقات کے ساتھ یکساں سلوک تلنگانہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جہاں پر حکومت نے رمضان کے لئے 26کروڑ کے خصوصی بجٹ کی اجرائی عمل میںلائی وہیں پر گوداوری پشکرالو کے لئے 200کروڑ جاری کئے گئے اور تلنگانہ میں مجوزہ بونال تہوار کے لئے بھی خصوصی بجٹ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ ریاست میںمنائے جانے والے عید وتہواروں میں معاشی پسماندہ طبقات کی شمولیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کلواکنتالا تارک راما رائو نے یہ بات کہی۔ ہمارا ہندوستان کی جانب سے ہوٹل پارک میں منعقدہ عید میلاپ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کے ٹی آر نے کہاکہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر رائو مذہب اور ذات پات سے بالاتر حکمرانی کررہے ہیں تاکہ ریاست تلنگانہ کی قدیم گنگا جمنی تہذیب کا احیاء عمل میںلایا جاسکے ۔ ریاستی آئی ٹی منسٹر نے کہاکہ پچھلے ساٹھ سالوں میں تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کو توڑنے کے لئے کی جانے والی تمام سازشوں کا منھ توڑ جواب تلنگانہ حکومت کا طریقہ کار ہے۔ مسٹر کے ٹی راما رائو نے شدت پسندی کے متعلق کہاکہ دنیا کے کسی بھی مذہب میں شدت پسندی کی کوئی گنجائش نہیں بالخصوص مذہب اسلام نے تو شدت پسندی کی مخالفت کرتے ہوئے دنیا کو امن وامان کا پیغام دیا ہے۔انہوں نے امن وبھائی چارہ کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قراردیا۔ کونسل جنرل امریکہ مسٹر مائیکل مولین‘ ہائی کمشنر آف یو کے مسٹر انڈریو نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کی عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی ۔

 

ڈپٹی چیف منسٹر محمدمحمودعلی کے علاوہ ریاستی وزیرداخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی‘ سابق کرکٹر ورکن پارلیمنٹ محمد اظہر الدین‘ رکن قانون ساز کونسل وقائد اپوزیشن محمد علی شبیر‘جناب فاروق حسین ‘قونصل جنرل ایران جناب عامر عبداللہ‘قونصل جنرل آف ترکی مرات عمرگلو‘ سٹی پولیس کمشنرمسٹر مہیندر ریڈی‘مسٹر اکون سبروال ڈائرکٹرمحکمہ ڈرگس کنٹرول‘جناب محبو ب عالم خان‘ مسٹر ڈی پی ریڈی‘ کیپٹن پانڈو رنگاریڈی‘ چیرمن تلنگانہ ریسور س سنٹر مسٹر ایم ویدا کمار ‘ لگڑا پارٹی راج گوپال‘ شریمتی جانکی راج گوپال‘ مسٹر پی ایم بھارگوا‘ شریمتی چندانا چکرورتی کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کے سربراہان نے بھی اس دعوت عید میلاپ میں شرکت کی۔ جناب ظہیر الدین علی خان اور جناب خلیق الرحمن نے میزبانی کے فرائض انجام دئے جبکہ تقریب کی کارروائی جناب خلیل احمد نے چلائی۔ مسٹر اے کے خان ڈائرکٹر اے سی بی تلنگانہ ریاست نے شکریہ ادا کیا۔عید میلاپ تقریب کے موقع پر ممتاز صوفی سنگر بختیار علی نے اپنا کلام بھی پیش کیا۔