تمام فیکٹریوں ، دوکانات کو بتکماں تہوار منانے حکومت کی ہدایت

حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( این ایس ایس ) : تلنگانہ میں 24 ستمبر تا 2 اکٹوبر منائے جانے والے بتکماں تہوار کے پیش نظر تلنگانہ کی ریاستی حکومت نے تمام فیکٹریوں ، ادارہ جات اور بڑی دکانات کے انتظامیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اداروں کے احاطوں میں ’ بتکماں ‘ کے روایتی و علامتی نمونے رکھیں اور اداروں کو خوبصورتی کے ساتھ سجائیں ۔ محکمہ لیبر کے سکریٹری آر وی چندرا ودن نے کمشنر لیبر اور ڈائرکٹر فیکٹریز کو ہدایت کی ہے کہ اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات کریں ۔ فیکٹریز ، ادارہ جات اور دوکانات کے نمائندوں کا اجلاس طلب کریں اور انہیں رضاکارانہ طور پر ان تقاریب کے انعقاد کا مشورہ دیں ۔ علاوہ ازیں مختلف اداروں کی خاتون ملازمین کو بھی تہوار کی تیاریوں اور اداروں کی سجاوٹ کے کام میں شامل کیا جائے ۔ حکومت تلنگانہ نے بہترین سجاوٹ کرنے والے تین ادارہ جات یا دوکانات کو ایوارڈس اور صداقتنامے دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔۔