محبوب نگر میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح ، کے ٹی آر وزیر آئی ٹی کا خطاب
حیدرآباد۔ 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو نے کہا کہ حکومت ریاست میں 2 لاکھ 72 ہزار ڈبل بیڈروم مکانات غریبوں کے لیے تعمیر کررہی ہے۔ کے ٹی آر نے آج ضلع محبوب نگر میں 310 غریب خاندانوں میں ڈبل بیڈروم مکانات حوالے کیے۔ کے ٹی آر کے دورے کے موقع پر ریاستی وزیر صحت لکشما ریڈی، رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی، رکن اسمبلی سرینواس گوڑ کے علاوہ مقامی عوامی نمائندے اور ٹی آر ایس قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کے ٹی آر نے اپنے دورے کے موقع پر کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے تلنگانہ کو فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ تین برسوں میں عوامی بھلائی اور خاص طور پر غریب اور پسماندہ طبقات کے لیے مختلف اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ انتخابی منشور میں کیے گئے وعدوں کے علاوہ کئی اسکیمات شروع کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں شروع کردہ اسکیمات کو ملک کی دیگر ریاستوں نے اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مختلف ریاستوں سے اسکیمات کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زائد درخواست گزاروں کی صورت میں ڈبل بیڈروم مکانات کا الاٹمنٹ لاٹری کے ذریعہ کیا جائے گا۔ انہو ںنے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں اس قدر فلاحی اسکیمات پر عمل نہیں کیا جارہا ہے لہٰذا تلنگانہ ریاست فلاح و بہبود کے شعبہ میں سر فہرست ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سابق میں غریبوں کو مکانات کے الاٹمنٹ کے موقع پر ان سے رقومات حاصل کی جاتی رہیں جس کے باعث وہ مقروض ہوگئے۔ لیکن ٹی آر ایس حکومت ایک روپیہ بھی حاصل کیے بغیر مکانات الاٹ کررہی ہے۔ استفادہ کنندگان کو ایک پیسہ خرچ کرنے کی ضرورت نہیں۔ غریبوں کی عزت نفس کا خیال کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق میں سنگل بیڈروم مکانات تعمیر کیے گئے تھے۔ ہر خاندان کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے حکومت نے ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم تیار کی ہے۔ آنے والے دنوں میں حکومت مزید اسکیمات پر عمل آوری کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کے پروپگنڈے کا شکار نہ ہوں۔ تمام طبقات کی بھلائی ٹی آر ایس حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اسی دوران رکن اسمبلی سرینواس گوڑ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو عوام کا حقیقی ہمدرد قرار دیا اور کہا کہ کے سی آر کی زندگی کا مقصد ہی عوام کی بھلائی اور خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں ٹی آر ایس حکومت کا کوئی ثانی نہیں۔ محبوب نگر ضلع جسے کانگریس اور تلگودیشم نے نظرانداز کردیا تھا، ٹی آر ایس حکومت نے اس ضلع کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ مشن بھگیرتا کے تحت آئندہ سال تک ہر گھر کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے جئے پال ریڈی نے مرکزی وزیر کی حیثیت سے محبوب نگر کی ترقی کے لیے کوئی مساعی نہیں کی۔ کے سی آر موافق غریب قائد ہیں اور انہوں نے کمزور طبقات اور غریبوں کے لیے منفرد پروگرام شروع کیے ہیں۔