تمام شعبہ حیات میں خواتین کو تحفظات کی فراہمی پر زور

تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرس یونین کی عالمی یوم خواتین تقریب ، جناب محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔12مارچ(سیاست نیوز) خواتین کے ساتھ انصاف کے لئے تمام شعبہ حیات میں آبادی کے ساتھ خواتین کو تحفظات کی فراہمی ضروری ہے۔ آج یہاں قدیم پریس کلب بشیر باغ میں تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرس یونین حیدرآباد کے زیر اہتمام منعقدہ عالمی یومِ خواتین تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو د علی ان خیالا ت کا اظہار کیا ۔رکن قانون ساز کونسل سدھاکر ریڈی‘ صدر ٹیچرس یونین انیس الرحمان‘ باسط خان‘ کستور لکشمی ‘ ملیشوری کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے جناب محمد محمود علی نے کہاکہ ماں‘ بہن ‘ بیوی اور بیٹی کی شکل میں اللہ کی رحمت بنا کر عورت ہمارے معاشرے میںپیدا کی گئی ہے ۔ عورت کے متبرک مقام کو ہمیں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ایوانوں میںآبادی کے تناسب سے عورتوں کو نمائندگی کے مواقع سماج میں عورتوں کے متعلق پائی جانے والی بدگمانیوں کو ختم کرنے کا بہترین ذریعہ بھی ثابت ہوں گے ۔ عورتوں کی اہمیت کو سمجھنے والے ہی بہتر معاشرے کے ذمہ داران کہلائے جائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ ایک واحد ایسے ریاست ہے جہاں پر عورتوں کی ترقی کے لئے ریاستی حکومت سنجیدگی کے ساتھ غور کررہی ہے۔ انہوں نے پچھلے نو ماہ میں جرائم کی کمی اور خواتین پر ڈھائے جانے والے مظالم کی روک تھام میں حکومت تلنگانہ کے موثر اقدامات کودیگر ریاستوں کے لئے قابل تقلید قراردیا۔ جناب محمد محمو دعلی نے مزیدکہاکہ معاشرے میں سدھار اور اصلاحات کے لئے ٹیچرس طبقہ پر بہت ساری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں جنھیںپورا کرنے میںتلنگانہ کے ٹیچرس طبقے نے سرگرم رول ادا کیا ہے۔ جناب اعظم علی خرم‘ شاہین کوثر‘ کرشنا رائو‘ نثار احمد خان کے علاوہ گریٹر حیدرآباد کے مختلف اسکولس کے ٹیچرس اور اساتذہ کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ بعد ازاں یونین کی جانب سے بہترین ٹیچرس ایوارڈکی بھی تقسیم عمل میں لائی گئی۔