تمام سیاسی جماعتوں کے ’یوم انضمام‘ کا انعقاد

بی جے پی کی ’’یوم آزادی‘‘ تقریبات، چند ایک مقامات پر ہلکی کشیدگی

حیدرآباد ۔ 17 ستمبر (سیاست نیوز) انضمام حیدرآباد تقاریب سلسلہ میں سیاسی جماعتوں نے اپنے دفاتر پر قومی پرچم لہرایا۔ برسراقتدار ٹی آر ایس اور اہم اپوزیشن جماعت کانگریس و دیگر جماعتوں نے حیدرآباد انضمام تقریب جبکہ بی جے پی نے آج یوم آزادی تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا۔ واضح رہیکہ 17 ستمبر 1948ء کو حیدرآباد ریاست کو انڈین یونین میں پولیس ایکشن کے بعد شامل کرلیا گیا تھا۔ بی جے پی نے ریاست کے مختلف مقامات پر ترنگا یاتراؤں کا اہتمام کیا۔ مرکزی وزیرمملکت برائے داخلہ ہنس راج گنگارام نے عادل آباد میں یاترا تقریب میں حصہ لیا۔ بی جے پی قائد کشن ریڈی کو اسمبلی عمارت پر قومی پرچم کشائی سے روک دیا گیا۔ سنگاریڈی کلکٹر آفس پر قومی پرچم لہرانے کی کوشش پر اے بی وی پی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ مرکزی وزیر بی دتاتریہ نے بی جے پی آفس پر قومی ترنگا لہراتے ہوئے کہا کہ کے سی آر سرکاری طور پر یوم آزادی تقاریب کے اپنے وعدہ سے مکر گئے ہیں جبکہ ٹی آر ایس 17 ستمبر کو یوم آزادی کے طور پر قبول نہیں کیا ہے۔ دریں اثناء جے اے سی صدرنشین ایم کودنڈارام نے پارٹی آفس پر ترنگا لہرایا۔ انہوں نے یوم آزادی کے انعقاد کی بی جے پی کے مطالبہ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا اس دن کو ’’یوم انضمام‘‘ کے طور پر منانا چاہئے۔ انہوں نے کہا جے اے سی اس یوم کو ’’یوم آزادی‘‘ کے طور پر نہیں ’’یوم انضمام‘‘ کے طور پر منانے قائل ہے۔ بی جے پی اور ہندو دائیں بازو تنظیموں کی جانب سے 17 ستمبر کو یوم آزادی تقریب سرکاری طور پر منانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔