عثمانیہ دواخانہ میں مریضوں کے درمیان رات بھرتوقف کے بعد وزیر صحت راجیا کا بیان
حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر صحت حکومت تلنگانہ ڈاکٹر ٹی راجیا نے کہاکہ محض مریضوںمیں عدم تحفظ کو دور کرنے کیلئے عثمانیہ ہاسپٹل میں گزشتہ شب 12 گھنٹے توقف کیا۔جس سے مریضوں میں دواخانہ کے تعلق سے ایک نیا اعتماد پایا گیا۔ دواخانہ میں زیرعلاج مریضوں کے درمیان رات گزارنے کے بعد آج صبح وہاں سے روانگی کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ حکومت تمام سرکاری دواخانوں بالخصوص شہر کے عثمانیہ دواخانہ، گاندھی ہاسپٹل وغیرہ میں بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ مریضوں کو عدم تحفظ کا احساس رکھنے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے والے مریضوں کو یقین دلایا کہ انھیں سرکاری دواخانوں میں عصری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انھوں نے کہاکہ تمام سرکاری دواخانوں میں مریضوں کیلئے بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیساتھ ساتھ ڈاکٹرس، نرسیس و دیگر اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بہت جلد تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ ادویات، طبی آلات کی فراہمی کیلئے رقومات بھی جاری کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر ٹی راجیا نے بعض احتجاج کرنے والے ورکرس سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کرکے متعلقہ عہدیداروں سے بات چیت کرے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے ضروری ہدایات دینے کا احتجاجی ورکروں کو تیقن دیا۔