حیدرآباد۔/10ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم حکومت تلنگانہ مسٹر جگدیش ریڈی نے اعلان کیا کہ بہت جلد ریاست تلنگانہ میں خانگی اسکولس کا معائنہ کیا جائے گا تاکہ ان خانگی اسکولس میں دستیاب سہولتوں کی فراہمی اور معیار تعلیم کا جائزہ لیا جاسکے۔ وزیر موصوف نے ایک غیر رسمی بات چیت کے دوران بتایا کہ خانگی اسکولس کے معائنہ کیلئے ہر ضلع میں دو اعلیٰ عہدیداروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ تمام مدارس بالخصوص خانگی مدارس کے معیار تعلیم میں بہتری پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری مدارس میں بہتر تعلیمی سہولتیں فراہم کرکے ان مدارس کے معیار تعلیم میں بہتری پیدا کرنے سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تمام مدارس میں فزیکل تعلیم کو ضروری قرار دینے کے اقدامات کررہی ہے۔ مسٹر جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے تمام سرکاری مدارس میں فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس ( پی ای ٹیز ) کی تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لاتے ہوئے جسمانی تعلیم پر موثر عمل آوری کے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طلباء کی صلاحیتوں اور معلومات میں اضافہ کرنے کیلئے بھی موثر و مثبت اقدامات کرے گی۔ علاوہ ازیں تلنگانہ حکومت عملی سطح سے ہی تعلیمی معیار میں بہتری پیدا کرنے کیلئے آئندہ تعلیمی سال سے اقدامات کا آغاز کرے گی۔