تمام جماعتوں کی تائید پر کانگریس کا تقسیم ریاست پر فیصلہ

حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر بی ستیہ نارائنا نے سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کے بشمول اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سیاسی لالچ میں ریاست کو تقسیم کرنے کا کانگریس پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتوں نے ریاست کو تقسیم کرنے کی تائید کی جس پر کانگریس نے فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کانگریس سے مستعفی ہونے والوں سے استفسار کیا کہ وہ وضاحت کریں کہ کونسی جماعت میں شامل ہورہے ہیں ۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس سے فائدہ اٹھا کر کانگریس پر بیجا الزامات عائد کرنا درست نہیں ہے ۔ سوائے سی پی ایم کے تمام جماعتوں نے تلنگانہ کی تائید کی ہے ۔ سب سے آخر میں کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کی تائید کی ہے ۔

بعد میں تمام جماعتیں اپنے موقف سے منحرف ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت صدر خاندان انہیں متحدہ خاندان تقسیم ہونے پر افسوس ہے ۔ وہ بھی ریاست کو تقسیم کرنے کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کانگریس سے مستعفی ہونے والوں سے استفسار کیا کہ وہ کونسی پارٹی میں شامل ہورہے ہیں اس کی وضاحت کریں اور ساتھ ہی دریافت کیا کہ کونسی ایسی پارٹی ہے جس نے متحدہ آندھرا کی تائید کی ہے پہلے سب تلنگانہ کے حق میں تھے ۔ چیف منسٹر کے استعفیٰ پر پوچھے گئے سوال کا جواب دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ وہ فی الوقت دہلی میں ہے ۔ حیدرآباد پہونچکر تمام معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی اس پر ردعمل کااظہار کریں گے ۔۔

آر ٹی سی کی آج آن لائن ریزرویشن سہولت
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : محکمہ آر ٹی سی مسافرین کی سہولت کی خاطر 20 فروری کو ریاست سے مختلف مقامات کے لیے آن لائن بکنگ فراہم کررہا ہے ۔ بنگلور کے لیے 1136 اے سی ، 2553 نان اے سی ، چینائی کے لیے 235 اے سی ، 140 نان اے سی ، حیدرآباد کے لیے 6040 اے سی ، 36,414 نان اے سی ، تروپتی کے لیے 618 اے سی ، 2562 نان اے سی ، وجئے واڑہ کے لیے 3520 اے سی ، 20,977 نان اے سی ، وشاکھاپٹنم کے لیے 855 اے سی ، 8306 نان اے سی ، پونے کے لیے 127 اے سی ، 701 نان اے سی اور شرڈھی کے لیے 76 اے سی ، 103 نان اے سی نشستوں کے لیے آن لائن ریزرویشن سہولت دستیاب رہے گی ۔۔