جعلی صداقتناموں کی تیاری کو روکنے کیلئے اقدامات، ایک اسکول بھی بند نہیں کیا جائے گا : وزیرتعلیم
حیدرآباد 30 ستمبر (این ایس ایس) تلنگانہ کے وزیرتعلیم جی جگدیش ریڈی نے آج کہاکہ ریاست میں ایک بھی سرکاری اسکول بند نہیں کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے جعلی تعلیمی صداقتنامہ کی تیاری اور استعمال کے مکمل خاتمہ کے لئے آج یہاں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس طلب کیا جس میں حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر ایم مہندر ریڈی کے علاوہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ مسٹر جگدیش ریڈی نے اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ جعلی صداقتناموں کی تیاری اور اُنھیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ اس مسئلہ کے خاتمہ کے اقدامات شروع کرنے کے لئے 7 اور 8 اکٹوبر کو دو روزہ اجلاس طلب کیا جارہا ہے جس میں وائس چانسلر، رجسٹرارس، آئی ٹی ماہرین اور پولیس عہدیداران شرکت کریں گے۔ جعلی صداقتناموں کی اس لعنت کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کے لئے حکومت مزید اقدامات کرتے ہوئے تمام اصل صداقتناموں کو آن لائن پر پیش کرے گی۔ وزیر تعلیم نے کہاکہ ریاستی حکومت سے ایک بھی اسکول بند کرنے کا فیصلہ نہیں کی ہے بلکہ اُنھیں (بعض اسکولوں کو) معقول بنایا جائے گا۔ سرکاری حکمنامہ نمبر 6 میں چند تبدیلیاں کی جائیں گی۔ اسکولوں کو معقول بنانے کے لئے جاری کردہ سرکاری حکمنامہ، ٹیچرس یونینوں کی طرف سے کئے گئے مختلف اعتراض کے باوجود بدستور برقرار رہے گا۔ طلبہ کی کم تعداد کو ملحوظ رکھے بغیر ایسے اسکولوں کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔ طلبہ کی تعداد میں کمی کے سبب تقریباً 2000 اسکولوں کو بند کرنے ٹی آر ایس حکومت کے فیصلے سے متعلق خبر کی ذرائع ابلاغ کی کوششوں میں نشر و اشاعت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ خبر بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔ حکومت کے پاس ایسی کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت، اسکولوں کو بند کئے بغیر تعلیمی نظام میں تبدیلی لانا چاہتی ہے۔