نئی دہلی 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شہری ہوا بازی کے وزیر سریش پربھو نے آج تمام درج فہرست ایرلائنز اور ایرپورٹس کے حفاظتی انتظامات کی جانچ کرنے کا حکم جاری کیا۔ حال ہی میں مسافرین کی حفاظت سے متعلق اندیشے ظاہر کئے گئے تھے۔ یہ تبدیلی ایک ایسے دن پیش آئی جبکہ کئی مسافر ایرویز کی پروازوں سے ممبئی تا جئے پور روانہ ہونے والے تھے لیکن اُنھیں نکسیر چھوٹنے کی شکایت پیدا ہوگئی جس کی عاجلانہ تحقیقات کا حکم دیا گیا۔ یہ شکایت مبینہ طور پر اِس لئے ہوئی تھی کیوں کہ کیابن کا عملہ ہوا کے دباؤ پر قابو پانے سے قاصر رہا تھا۔ پربھو نے متعلقہ عہدیداروں کو ایک جامع آڈٹ منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی جو حفاظتی پیمانوں کی جانچ کرے اور تمام ایرلائنز ایرو ڈرمس پرواز کرنے والے تربیتی اسکولس اور ایم آر اوز کی فوری جانچ کرے گا۔ علاوہ ازیں اُنھوں نے ہدایت دی کہ حفاظتی آڈٹ کا آغاز فوری ہوجانا چاہئے اور اِس کی رپورٹ 30 ستمبر تک داخل کردی جانی چاہئے۔ جیٹ ایرلائنز کا حادثہ اِس تحقیقات کی وجہ ہے۔