یروشلم ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تل ابیب میں ایک عمارت میں دھماکہ اور آتشزدگی کے واقعہ میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ دریں اثناء اسرائیلی پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پیر کے روز رات دیر گئے جافا نامی علاقہ میں واقع ایک ہارڈویر اسٹور میں دھماکہ ہوا، جو اتنا شدید تھا کہ عمارت سے متصل دیگر عمارتیں بھی منہدم ہوگئیں جس کے بعد جائے وقوع پر ہی دو افراد کے ہلاک ہونے کی توثیق کی گئی۔ تاہم تیسرا فرد ہاسپٹل لے جاتے ہوئے زخموں سے جانبر نہ ہوسکا جبکہ شدید طور پر زخمی ہونے والے چار افراد کا علاج کیا جارہا ہے۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ آیا دھماکہ حادثاتی طور پر ہوا ہے یا دہشت گردانہ کارروائی ہے۔