تلگو یونیورسٹی کو ایس پرتاپ ریڈی کے نام موسوم کیا جائیگا

یونیورسٹی کے نام کی تبدیلی سے چیف منسٹر کا اتفاق، وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی کا اعلان
حیدرآباد۔/28مئی، ( این ایس ایس ) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے آج اعلان کیا کہ تلگو یونیورسٹی کو سوراورم پرتاپ ریڈی کے نام سے موسوم کیا جائے گا کیونکہ تلگو زبان، لٹریچر شاعری اور روایات کے کاز کیلئے انہوں نے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ پرتاپ ریڈی کے 121 ویں یوم پیدائش کے موقع پر وزیر داخلہ نے آج  یہاں ٹینک بنڈ پر ان کے مجسمہ پرگلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے نرسمہا ریڈی نے تلگو زبان، لٹریچر کیلئے ایس پرتاپ ریڈی کی خدمات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی، نامپلی کے نام کو بدل کر اسے پرتاپ ریڈی کے نام سے موسوم کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ اس یونیورسٹی کے نام کو تبدیل کرنے کے عمل کیلئے دو تا تین ماہ درکار ہوں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پرتاپ ریڈی نے ایک مصنف، شاعر اور صحافی کی حیثیت سے نظام کی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرتاپ ریڈی کے کام کی دوبارہ پرنٹنگ اور لائبریریز کو سربراہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے نوجوانوں اور یونیورسٹی کے طلبہ پر زور دیا کہ وہ پرتاپ ریڈی کی تحریر کردہ کتابوں کا اچھی طرح سے مطالعہ کریں۔ نرسمہا ریڈی نے یہ بھی کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ مستقبل میں ریسرچ کام کیلئے پرتاپ ریڈی کی کتابوں کو ریفرنس کے طور پر استعمال کیا جائے۔