حیدرآباد11مارچ(یواین آئی) تلگو فلموں کے مشہور کامیڈین علی وائی ایس آرکانگریس پارٹی میں شامل ہوگئے ۔انہوں نے آج پارٹی سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی سے حیدرآباد میں واقع ان کی قیام گاہ لوٹس پونڈ میں ملاقات کی اور رسمی طورپر پارٹی میں شامل ہوگئے ۔اس موقع پر جگن نے ان کو پارٹی کا کھنڈوا پہنایا اور پارٹی میں ان کا استقبال کیا۔ان کی وائی ایس آرکانگریس میں شمولیت کی گزشتہ کچھ عرصہ سے اطلاعات میڈیا میں سامنے آرہی تھیں۔ علی نے پارٹی میں شمولیت سے قبل جگن سے تقریبا 15منٹ مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا۔علی کے ساتھ ایک اور تلگو اداکار کرشنوڈو بھی تھے ۔اس موقع پر جب میڈیا نے ان سے پوچھا کہ تلگو فلموں کے مشہور اداکار و جناسینا پارٹی کے سربراہ پون کلیان ان کے اچھے دوست ہیں تاہم انہوں نے جناسینا پارٹی میں کیوں شمولیت اختیار نہیں کی تو اداکار نے جواب دیا کہ دوستی الگ ہے اور سیاست الگ ۔انہوں نے کہاکہ پون کلیان ان کے اچھے دوست ہیں ، پون کی کامیابی ہی ان کی کامیابی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جگن موہن ریڈی نے اپنی یاترا کے دوران عوام سے کئی اچھے وعدے کئے تھے ۔انہوں نے کہاکہ تلگودیشم قیادت سے ان کو کوئی واضح یقین دہانی حاصل نہ ہونے پر ہی انہوں نے ریاست کی اصل اپوزیشن جماعت میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس سوال پر کہ آیا ان کے دوست کی پارٹی جنا سینا ان انتخابات میں اثر چھوڑے گی تو انہوں نے کہا کہ اے پی کی عوام ہی اس بات کا فیصلہ کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے لیڈر ہونے کے ناطے وہ اس پارٹی کے لئے انتخابی مہم چلائیں گے ۔