تلگو فلم پروڈیوسر دل راجو کے مکان اور دفاتر پر دھاوے

حیدرآباد ۔ /8 مئی (سیاست نیوز) انکم ٹیکس عہدیداروں نے ٹالی ووڈ کے مشہور فلم پروڈیوسر دل راجو کے مکان اور دفاتر پر دھاوے کئے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ دل راجو کی فلم مہارشی کے ریلیز سے قبل ہی انکم ٹیکس عہدیداروں نے یہ کارروائی کی ہے اور کئی دستاویزات وغیرہ ضبط کئے ہیں ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ 100 کروڑ سے زائد بجٹ کی فلم مہارشی کو تیار کرنے کے پیش نظر پروڈیوسر انکم ٹیکس عہدیداروں کی نظر میں آیا ہے ۔ آئی ٹی عہدیداروں نے آج اچانک کارروائی کرتے ہوئے سرینگر کالونی ساگر سوسائیٹی میں واقع ان کے مکان پر اچانک دھاوا کیا اور وہاں کی تلاشی لی ۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ ٹالی ووڈ کے مشہور فلم اداکار مہیش بابو نے اس فلم میں اداکاری کرنے کیلئے کروڑہا روپئے کا کنٹراکٹ سائن کیا تھا جس کے بعد آئی ٹی حکام فلم پروڈیوسر پر مسلسل نظر رکھ رہے تھے ۔ باور کیا جاتا ہے کہ فلم مہارشی ریلیز کے بعد باکس آفس میں زبردست کاروبار کرنے کی اطلاعات کے پیش نظر یہ کارروائی کی گئی ہے ۔