تلگو فلم باہوبلی 2 کی ریلیز پر بڑے پیمانے پر ٹکٹس بلیک

14 افراد گرفتار، رچہ کونڈا اسپیشل آپریشن ٹیم کی سنیما گھروں پر کارروائی

حیدرآباد /28 اپریل ( سیاست نیوز ) تلگو فلم ’’ باہوبلی 2‘‘ ریلیز کے پہلے دن بڑے پیمانے پر ٹکٹس کی بلیک میں فروخت کرنے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے رچہ کونڈا پولیس نے 14 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ( ایس او ٹی ) رچہ کونڈا کے انسپکٹر مسٹر کے نرسنگ راؤ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سرور نگر علاقہ میں وینکٹادری تھیٹر ، اندرا تھیٹر ، ناگیندر تھیٹر ، ونستھلی پورم سمپورنا تھیٹر ، چیتنیہ پوری میں راجدھانی تھیٹر ، مہا لکشمی تھیٹر ، ملکاجگیری میں سنی پولس ، اُپل میں ایشن اور سرینواسا تھیٹر میں ٹکٹس کو بلیک کرنے والے 14 افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 185 فلم ٹکٹس برآمد کرلئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ فلم باہوبالی 2 ریلیز کے پہلے دن دیکھنے کیلئے آنے والے سیکڑوں افراد بلیک میں ٹکٹ خریدتے ہوئے دیکھے گئے ۔ ایس او ٹی نے اس کارروائی میں 12 ہزار 600 نقد رقم برآمد کرلیا۔ انہوں نے متعلقہ پولیس کے حوالے کردیا ۔