تلگو دیشم ۔ بی جے پی اتحادی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل

وزیر سیول سپلائز اے پی پریٹالہ سنیتا کی حیدرآباد میں انتخابی مہم
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( این ایس ایس) : آندھرا پردیش ریاست کی وزیر سیول سپلائز شریمتی پریٹالہ سنیتا نے گریٹر حیدرآباد کی عوام سے خواہش کی کہ وہ جی ایچ ایم سی انتخابات منعقد شدنی 2 فروری کے موقع پر تلگو دیشم و بی جے پی اتحادی امیدواروں کے حق میں رائے دہی کا استعمال کریں ۔ وہ یہاں جی ایچ ایم سی انتخابی مہم کے ضمن میں کلیان نگر ( وینگل راؤ ڈیویژن ) میں منعقدہ گھر گھر انتخابی مہم چلا رہی تھیں ۔ اس موقع پر انہوں نے اس حلقہ کے تلگو دیشم امیدوار ویملہ پلی پرادیپ چودھری کے حق میں ووٹ کا استعمال کرنے کی عوام سے خواہش کی اور کہا کہ اپنے قیمتی ووٹ کے ذریعہ تلگو دیشم کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں ۔ انہو نے خواتین سے خواہش کی کہ وہ رائے دہی کے دن اپنے اولین اوقات میں مرکز رائے دہی کو پہنچ جائیں اور حق رائے دہی سے استفادہ کریں ۔ انہوں نے پارٹی ورکرس سے خواہش کی کہ وہ ہر ایک کارکن کم از کم 100 ووٹ ڈلوانے کی مساعی کریں ۔ پریٹالہ سنیتا نے مختلف مقامات پر کارنر میٹنگس سے مخاطب کرتے ہوئے عوام کو بتایا کہ چندرا بابو نائیڈو اپنے دور حکومت میں حیدرآباد میں مختلف ترقیاتی پروگرامس کے ذریعہ شہر کو کس طرح ترقی دی ۔ وزیر سیول سپلائز اے پی نے کہا کہ چندرا بابو نے ہی ہائی ٹیک سٹی تا مادھوپور کے درمیان آمد و رفت کی سہولت فراہم کی جس سے آج لاکھوں نوجوان استفادہ کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ انہوں نے تلگو دیشم دور حکومت میں انجام دئیے گئے ترقیاتی و آبپاشی پراجکٹس کا بھی ذکر کیا ۔ ان کی انتخابی مہم کے موقع پر وینگل راؤ نگر ڈیویژن تلگو دیشم امیدوار وی پردیپ چودھری ، جوبلی ہلز رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ ، سابق رکن اسمبلی اناپورنا کے علاوہ مقامی سطح کے قائدین و کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔