کانگریس و تلگو دیشم کے اعتراضات مسترد ، صدر نشین کونسل سوامی گوڑ کی رولنگ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر سوامی گوڑ نے رولنگ دیتے ہوئے تلگو دیشم کے پانچ ارکان قانون ساز کونسل کو ٹی آر ایس میں ضم کردینے کا اعلان کیا ۔ قائد اپوزیشن کونسل مسٹر ڈی سرینواس اور قائد مقننہ تلگو دیشم مسٹر نرسا ریڈی کے اعتراض پر صدر نشین کونسل نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فیصلے کی غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے نوٹس دینے کا مشورہ دیا ۔ صدر نشین کونسل نے کہا کہ دستور کے 10 ویں شیڈول کا جائزہ لینے کے بعد ہی انہوں نے تلگو دیشم سے انحراف کرنے والے 5 ارکان قانون ساز کونسل مسٹر محمد سلیم ، مسٹر بی وینکٹیشورلو ، مسٹر بی لکشمی نارائنا ، مسٹر پی نریندر ریڈی اور مسٹر وی گنگا دھر ریڈی کو بحیثیت ٹی آر ایس ارکان شمار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سوامی گوڑ کے اس فیصلے پر کانگریس اور تلگو دیشم نے سخت اعتراض کیا جب کہ 5 انحراف کرنے والے ارکان نے فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔ قائد اپوزیشن کونسل مسٹر ڈی سرینواس نے اس فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کسی کی سفارش پر یہ فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے صدر نشین کونسل سے لا سکریٹری یا ایڈوکیٹ جنرل دونوں میں سے کسی ایک کو کونسل میں طلب کرتے ہوئے کونسے قانون کے تحت کارروائی کی گئی ہے ، اس کی وضاحت کرانے پر زور دیا ۔ مسٹر سوامی گوڑ نے اس پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا میری رولنگ پر انگلیاں اٹھانے کا ارکان کو اختیار نہیں ہے ۔ میرے فیصلے پر سوال کرنا کرسی صدارت کو چیلنج کرنے کے برابر ہے ۔ کرسی صدارت کا احترام تمام ارکان کی ذمہ داری ہے ۔ ڈی سرینواس ایک سینئیر اور تجربہ کار قائد ہیں ۔ انہیں اس طرح کے ریمارکس کرنا زیب نہیں دیتا ۔ پھر بھی اگر کسی کو اعتراض ہے تو وہ نوٹس دیں یا وہ ارکان سے اپنے چیمبر میں بات کرنے کے لیے بھی تیار ہیں ۔ تلگو دیشم کے قائد مقننہ مسٹر نرسا ریڈی نے صدر نشین کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کے دباؤ کا شکار ہو کر صدر نشین کونسل نے تلگو دیشم سے انحراف کرنے والے ارکان کو ٹی آرایس میں ضم کرتے ہوئے انحراف کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ فیصلہ کرنے سے قبل ہم سے مشاورت بھی نہیں کی گئی ۔ اس ریمارکس پر صدر نشین کونسل نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دستور اور قانون کی روشنی میں فیصلے کرتے ہیں ۔ تلگو دیشم کے دو ارکان نے بطور احتجاج واک آؤٹ کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر کڈیم سری ہری نے صدر نشین کونسل کی رولنگ پر انگلیاں اٹھانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صدر نشین کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے ۔ اس پر اعتراض کرنے کا کسی کو کوئی اختیار نہیں ہے ۔ اگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نوٹس بھی دی گئی تو صدر نشین کو جواب دینا لازمی نہیں ہے صرف وہ نوٹس کا جائزہ لے سکتے ہیں ۔ مسٹر ناگیشور راؤ نے کہا کہ وہ صدر نشین کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں تاہم صدر نشین سے گذارش ہے کہ اس کا جائزہ لینے کے لیے تمام ارکان کی تجاویز حاصل کی جائیں تب تک فیصلے سے دستبرداری اختیار کی جائے ۔۔