کارگذار چیف منسٹر تلنگانہ کی چندرا بابو پر ریمارکس کی مذمت ، ایل رمنا کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا نے نگرانکار چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے تلگو دیشم کے تعلق سے کی جانے والی غلط تشہیر اور بے بنیاد پروپگنڈوں کا منہ توڑ جواب دینے کی تلگو دیشم قائدین و کارکنوں کو ہدایات دیں اور کہا کہ چندر شیکھر راؤ نے قومی صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کے تعلق سے تلنگانہ عوام میں غلط تاثر پیدا کرنے اور غلط ورغلاتے ہوئے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہونچانے کی جو کوششیں کی ہے ان کوششوں کی سخت مذمت کی جانی چاہئے ۔ مسٹر ایل رمنا اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کے سینئیر قائدین بشمول تلنگانہ ضلع صدور تلگو دیشم کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی قائدین پر زور دیا کہ وہ ہر سطح پر یعنی منڈل و ضلع سطح پر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے خلاف کئے گئے غیر شائستہ ریمارکس کی مذمت کریں ۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو آئندہ انتخابات کے لیے عظیم اتحاد میں شامل ہونے کی وجہ اور اس کی اہمیت و افادیت سے واقف کروایا ۔ اور کہا کہ وہ بھی قبل از وقت اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس تلگو دیشم سی پی آئی و تلنگانہ جنا سمیتی پر مشتمل عظیم اتحاد کو کیوں قائم کیا جارہا ہے اور کانگریس پارٹی کے ساتھ کیوں اتحاد کیا جارہا ہے ۔ ان تمام کی تفصیلات سے نچلی سطح پر پارٹی کیڈر اور عوام کو بہتر انداز میں واضح کریں ۔ اس موقعہ پر رکن پولیٹ بیورو تلگو دیشم پارٹی مسٹر آر چندر شیکھر ریڈی ، جی موہن راؤ ایم پی ، سینئیر قائد و جنرل سکریٹری تلگو دیشم پارٹی اروند کمار گوڑ و دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔۔