تلگو دیشم کو نقصان پہنچانے جگن موہن ریڈی کی مدد کرنے کا الزام

بے قاعدگیوں پر ٹی آر ایس کی خاموشی، آر چندر شیکھر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 5۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی نے الزام عائد کیا کہ آندھراپردیش میں تلگو دیشم کو نقصان پہنچانے کیلئے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سازش کر رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پولیٹ بیورو کے رپورٹ آر چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ منصوبہ بند سازش کے تحت وائی ایس جگن موہن ریڈی کی مدد کی جارہی ہے ۔ حالانکہ جگن موہن ریڈی مخالف تلنگانہ ہیں۔ انہوں نے کے سی آر سے سوال کیا کہ وہ مخالف تلنگانہ وائی ایس آر کے فرزند جگن موہن ریڈی کو چیف منسٹر بنانے کے لئے کس طرح تعاون کرسکتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ سابق میں جگن کی بے قائدگیوں پر ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ کویتا نے پریس کانفرنس کا اہتمام کیوں کیا تھا ؟ کے ٹی آر نے بھی جگن موہن ریڈی کی بدعنوانیوں کے خلاف کھلا مکتوب میڈیا کو جاری کیا تھا ۔ چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ پون کلیان ، کویتا اور دوسروں نے جگنموہن ریڈی کے خلاف تقاریر کی تھی لیکن اچانک کے سی آر اور کے ٹی آر کو ان سے ہمدردی پیدا ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ نے یہاں تک کہا تھا کہ جگن موہن ریڈی کی تائید کرنا ، کرپشن کی تائید کرنا کے مترادف ہے۔ چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ ڈاٹا انکوائری کیس میں تلنگانہ پولیس کی سرگرمیاں حیدرآباد کے وقار کو متاثر کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی سے متعلق تفصیلات کو سرکاری تفصیلات ق رار دیتے ہوئے تلنگانہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح تلگو دیشم کے لئے ڈاٹا پروائیڈرس ہیں ، اسی طرح ٹی آر ایس اور دیگر جماعتوں کے لئے بھی ہیں۔ تلگو دیشم نے اپنے قائدین اور کیڈر کی سہولت کیلئے ڈاٹا تیار کیا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ عوام سے متعلق تفصیلات کوئی سیاسی جماعت کس طرح استعمال کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 ء انتخابات کے بعد کے سی آر نے اعلان کیا تھا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس اور آندھراپردیش میں جگن موہن ریڈی کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر خود تلگو دیشم سے سیاسی زندگی میں قدم رکھ چکے ہیں اور آج اسی پارٹی کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ 2009 ء میں ٹی آر ایس نے تلگو دیشم کے ساتھ انتخابی مفاہمت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح تلنگانہ میں کے سی آر آپریشن آکرش کے ذریعہ اپوزیشن کے ارکان کو اپنی پارٹی میں شامل کر رہے ہیں۔ اسی طرح جگن موہن ریڈی بھی تلگو دیشم ارکان کو انحراف کے لئے اکسا رہے ہیں۔ چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کو مخالف تلگو دیشم سرگرمیاں بند کرنی چاہئے کیونکہ ان کوششوں سے تلگو دیشم کو کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔