تلگو دیشم کو تمام طبقات کی تائید وحمایت

دونوں ریاستوں میں ترقی کو یقینی بنانے کا عزم ، این چندرا بابو نائیڈو

حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم پارٹی مستقبل میں دونوں ریاستوں کی ترقی کو یقینی بنائے گی چونکہ صرف تلگو دیشم ہی ترقیاتی منصوبہ رکھتی ہے اور عوام کوبھی اس بات کا اندازہ ہے کہ ریاست کی ترقی کس کے ذریعہ ممکن ہے ۔ صدر تلگو دیشم مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج بی سی قائد آر کرشنیا ، اداکارہ مس ثنا اور وائی ایس آر سی پی قائد رنگناتھ راج کی تلگو دیشم میں شمولیت کے موقعہ پر ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تلگو دیشم پارٹی کو ریاست میں تمام طبقات کی تائید وحمایت حاصل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تلگو دیشم پارٹی نے عوامی سطح پر سماجی انصاف کو یقینی بنانے کے جو وعدے کئے ہیں ان پر عمل آوری کرے گی ۔ مسٹر آر کرشنیا نے تلگو دیشم میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے یہ اعلان کیا کہ پسماندہ طبقات مسٹر نائیڈو کی مکمل حمایت کریں گے ۔ انہوں نے ریاست کی تقسیم کے مسئلہ پر تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے اختیار کردہ پالیسی کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ سیاسی مفادات کے حصول کی فکر میں رہے انہوں نے اپنے موقف میں تبدیلی لائی جب کہ تلگو دیشم نے ریاست کی تقسیم کے دوران بھی ترقی کے منصوبہ کو پیش نظر رکھا ۔

آر کرشنیا نے کہا کہ کانگریس نے پسماندہ طبقات کے ساتھ نا انصافیوں کی کئی مثالیں قائم کی ہیں اور پسماندہ طبقات حکمراں جماعت کی نا انصافیوں سے عاجز آچکے ہیں ۔ مسٹر نائیڈو کی موجودگی میں آج فلم اداکارہ ثناء نے تلگو دیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ وہ تلگو دیشم کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گی ۔ انہوں نے مسٹر نائیڈو کو ترقی پسند اور دور اندیش سیاستداں قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی کے اقتدار سے ہی دونوں ریاستوں کی ترقی ممکن ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس کے نرسا پورم سے تعلق رکھنے والے قائد مسٹر رنگناتھ راج نے بھی تلگو دیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی اور تلگو دیشم پارٹی کو کامیاب بنانے کے لیے کام کرنے کا اعلان کیا ۔۔