تلگو دیشم پارٹی کے مہاناڈو کا گنڈی پیٹ میں آغاز

حیدرآباد ۔ 27 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم پارٹی کے 34 ویں مہاناڈو پروگرام کا آج یہاں گنڈی پیٹ میں آغاز ہوا ۔ صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے گنڈی پیٹ پہونچنے پر ان کا شاندار خیر مقدم کیا گیا ۔ وہ گاڑی سے اترنے کے بعد کافی دور تک پیدل چلتے ہوئے شہ نشین پر پہونچے ۔ بعد ازاں مہاناڈو کے حدود میں منظم کردہ تصویری نمائش اور خون کے عطیہ کیمپ وغیرہ کا مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے افتتاح کیا اور پھر شہ نشین کے قریب صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی پرچم کشائی انجام دی اور شمع روشن کرنے کے بعد بانی تلگو دیشم پارٹی آنجہانی این ٹی راما راؤ کے مجسمہ کی گلپوشی کرتے ہوئے انہیں بھر پور خراج عقیدت پیش کیا ۔ تلگو دیشم پارٹی کے نوجوان قائد مسٹر این لوکیش نائیڈو ، رکن اسمبلی این بالا کرشنا ، سابق رکن پارلیمان ین ہری کرشنا کے علاوہ کلا وینکٹ راؤ ، محمد احمد شریف ایم ایل سی و جنرل سکریٹری تلگو دیشم پارٹی ٹی ڈی جناردھن وزراء ارکان پارلیمان ارکان اسمبلی ، پارٹی کے سینئیر قائدین بشمول ین محمد فاروق ، عبدالغنی سابق ارکان اسمبلی ، علی مسقطی ، الحاج مظفر علی خاں ، علی بن سعید الگتمی ، امتیاز احمد ، امیر بابو کے علاوہ ریاست آندھرا پردیش و تلنگانہ ریاست کے پارٹی قائدین و کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ تین دن تک جاری رہنے والے تلگو دیشم پارٹی کے اس مہا ناڈو کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے تھے ۔ مہاناڈو میں شرکت کرنے والے پارٹی قائدین وغیرہ کی گاڑیوں کو پارک کرنے کیلئے وسیع و عریض اراضی پر پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی تھی ۔ علاوہ ازیں تلنگانہ اور آندھرا کے قائدین و کارکنوں کیلئے علحدہ علحدہ پکوان کروائے گئے تھے باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مہاناڈو کے سلسلہ میں زائد از 60 ہزار افراد کے لیے طعام کا انتظام کیا گیا تھا ۔ تلگو دیشم پارٹی مہاناڈو کے پیش نظر گنڈی پیٹ کے اطراف و اکناف علاقوں میں بھی پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے ۔۔