مودی ، جگن اور کے سی آر پر تنقید ، صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر اے پی چندرا بابو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : قومی صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی قائدین پر زور دیا کہ ریاست میں انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی اپنے آرام وغیرہ کا پاس و لحاظ رکھے بغیر پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے میں مصروف ہوجائیں ۔ اس طرح انتخابات مکمل ہونے تک کسی کو بھی کوئی چھٹی یا استثنیٰ نہیں دیا جائے گا ۔ بلکہ کوئی بھی ایک منٹ بھی ضائع نہیں کرنا چاہئے ۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے کہا کہ ’ تمہارا مستقبل میری ذمہ داری ‘ نعرہ کے ساتھ آگے بڑھنے کی پارٹی قائدین سے پر زور اپیل کی ۔ آج پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے قومی صدر تلگو دیشم نے کہا کہ ’ انتخابی بگل ‘ بج چکا ہے ۔ انتخابات کے لیے قبل از وقت سے ہی ہماری تیاریاں جاری رہیں ۔ تاحال 25 حلقہ جات لوک سبھا کے تحت آنے والے اسمبلی حلقہ جات کا جائزہ مکمل کرلیا گیا ۔ اور اب اس طرح انتخابات کے لیے صرف 30 یوم باقی رہ گئے ہیں ۔ وقت کم رہنے کے باوجود ہم کو انتہائی بہتر انداز میں منصوبہ بند طریقہ پر انتخابات میں کام کرنا ہوگا ۔ صدر تلگو دیشم پارٹی نے کہا کہ جنگ میں کامیابی ہی سپاہیوں کا مقصد ہوتا ہے ۔ اسی طرح انتخابات میں کامیابی ہی تلگو دیشم پارٹی قائدین و کارکنوں اہم منشاء و مقصد ہوتا اور انتخابات کے دوران آپس میں ایک دوسرے کے خلاف کوئی اختلاف رائے نہیں ہونا چاہئے بلکہ آپس میں بھر پور تعاون کے ساتھ پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے ہی کمربستہ ہوجانے کی خواہش کی ۔ چندرا بابو نے اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی ، بی جے پی اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ ریاست کی ترقی اور بہبود کے کاموں میں تلگو دیشم پارٹی مصروف رہنے پر ریاست کے خلاف سازشیں مرتب کرنے میں وزیراعظم نریندر مودی ، صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور قائد اپوزیشن آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی وائی ایس جگن موہن ریڈی آپسی تال میل کے ذریعہ مصروف ہیں ۔ انہوں نے مسٹر کے سی آر کے تعلق سے کہا کہ ان کا منہ کس طرح بند کروانا چاہتے ، وہ بخوبی جانتے ہیں ۔ بابو نے مزید کہا کہ ان انتخابات میں اپنی کامیابی کے ذریعہ ہی انہیں مناسب جواب دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے جگن موہن ریڈی کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جگن حقیقی طور پر وہ ایک مجرم ہیں ۔ اگر کوئی ان پر بھروسہ کرے تو وہ بھروسہ کرنے والوں کو ہی جیل بھیج دیں گے ۔۔