تلگو دیشم منتخب ارکان اسمبلی کی تہنیتی تقریب منسوخ ، شکست خوردہ قائدین کا لحاظ

پسماندہ طبقہ کا قائد ، قائد مقننہ کے لیے رضا مندی ، تلنگانہ ٹی ڈی پی ارکان اسمبلی سے چندرا بابو کی بات چیت

حیدرآباد۔ 19 مئی (سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے علاقہ تلنگانہ میں منتخب ہونے والے تلگو دیشم ارکان اسمبلی کو تہنیتی تقریب کے انعقاد سے روک دیا۔ گزشتہ یوم مسٹر نائیڈو نے تلنگانہ میں منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کو تہنیتی تقریب کے انعقاد کی اجازت دے دی تھی اور اپنی شرکت کے متعلق بھی توثیق کی تھی، لیکن بعض قائدین جوکہ گزشتہ عام انتخابات میں علاقہ تلنگانہ میں کامیاب نہیں ہو پائے ہیں، نے مسٹر نائیڈو سے آج دن میں ملاقات کرتے ہوئے اس بات کی شکایت کی کہ تہنیتی تقریب کے انعقاد سے بعض لوگوں کو تکلیف ہوگی، اسی لئے اس طرح کی تقاریب کے انعقاد سے گریز کیا جانا چاہئے۔ بعدازاں مسٹر نائیڈو نے منتخبہ ارکان اسمبلی مسٹر ایل رمنا اور مسٹر ای دیاکر راؤ سے رابطہ قائم کرتے ہوئے انہیں اس بات کی ہدایت دی کہ وہ تہنیتی تقریب منعقد نہ کریں کیونکہ اس سے شکست خوردہ امیدواروں کی دل شکنی ہوگی۔ واضح رہے کہ تلگو دیشم پارٹی نے تلنگانہ میں تلگو دیشم مقننہ کے قائد کے طور پر پسماندہ طبقاتت ے لیڈر جنہوں نے گزشتہ انتخابات سے قبل تلگو دیشم میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے، کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ تلگو دیشم ارکان اسمبلی نے بھی اس بات پر رضامندی ظاہر کردی ہے کہ وہ آر کرشنیا کی زیرقیادت ایوان مقننہ میں بحیثیت اپوزیشن بیٹھیں گے۔