تلگو دیشم قائدین کے دورہ تلنگانہ کی مخالفت

حیدرآباد۔7۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار نے تلگو دیشم قائدین کے دورہ تلنگانہ پروگرام کی مخالفت کی ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ونود کمار نے کہا کہ تلنگانہ کا دورہ کرنے کے بجائے تلگو دیشم قائدین کو چاہئے کہ وہ آندھراپردیش حکومت کے خلاف احتجاج منظم کریں جو مختلف شعبوں میں تلنگانہ سے ناانصافی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں موجودہ برقی بحران کیلئے آندھراپردیش حکومت بھی برابر کی ذمہ دار ہے۔ آندھراپردیش کے علاقوں میں واقع برقی کی تیاری کے پلانٹس میں زیادہ تر حصہ آندھراپردیش حاصل کر رہا ہے جبکہ تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کا رویہ جاری ہے۔ تلنگانہ تلگو دیشم قائدین کو عوامی مسائل جاننے سے پہلے آندھراپردیش میں اپنی پارٹی کی حکومت کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے کیونکہ عوام کو جو مسائل درپیش ہیں، اس کیلئے آندھراپردیش ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے تلنگانہ سے انصاف کیلئے نمائندگی کی جائے تو بہتر ہوگا۔ ونود کمار نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت انتخابی وعدوں کی تکمیل اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

تلگو دیشم اور کانگریس قائدین کو کوئی حق نہیں کہ وہ ہر مسئلہ کو سیاسی رنگ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے کانگریس اور تلگو دیشم کو مسترد کردیا ہے۔ یہ دونوں پارٹیاں دوبارہ عوام کے درمیان آنے کی کوشش کر رہی ہیں ۔ اس کے لئے ان کے قائدین حکومت پر تنقیدوں کا سہارا لے رہے ہیں۔ ونود کمار نے کہا کہ اگر تلگو دیشم قائدین کو تلنگانہ عوام سے ہمدردی ہے تو انہیں برقی کی پیداوار میں تلنگانہ کی حصہ داری کے مطابق برقی سربراہ کرنے کیلئے چندرا بابو نائیڈو پر دباؤ بنانا چاہئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلگو دیشم اور کانگریس قائدین تلنگانہ عوام کے روبرو مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں تاکہ ہمدردی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام چندرا بابو نائیڈو کے حربوں سے اچھی طرح واقف ہیں اور وہ تلگو دیشم کے بہکاوے میں آنے والے نہیں۔