تلگو دیشم سے ٹی آر ایس میں شامل منچی ریڈی کے حلقہ کے لیے فنڈ

حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز)ٹی آر ایس حکومت نے تلگودیشم سے انحراف کر کے شمولیت اختیار کرنے والے رکن اسمبلی منچی ریڈی کشن ریڈی کے اسمبلی حلقہ کی ترقی کیلئے فنڈس جاری کئے ہیں ۔ حکومت نے رنگا ریڈی ضلع کے ابراہیم پٹنم اسمبلی حلقہ میں مختلف ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری کیلئے 10 کروڑ 80 لاکھ روپئے منظور کئے اس سلسلہ میں آج باقاعدہ سرکاری احکامات جاری کئے ۔ واضح رہے کہ ایم کشن ریڈی نے کل ابراہیم پٹنم میں منعقدہ جلسہ عام میں چیف منسٹر کی موجودگی میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے اعلان کیا تھا کہ ابراہیم پٹنم کی ترقی کیلئے 10 کروڑ روپئے جاری کریں گے ۔ اور حلقہ کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنائیں گے ۔ چیف منسٹر نے اپنے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے مختلف زیر التواء ترقیاتی کاموں کیلئے بجٹ منظور کیاہے ۔ واضح رہے کہ تلگودیشم رکن اسمبلی نے اعلان کیا کہ وہ اپنے حلقہ کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ٹی آر ایس میں شامل ہوئے ہیں۔