تلگو دیشم اور سی پی آئی قائدین کادورۂ صنعتی نمائش

نقصانات کا جائزہ ، متاثرین سے ملاقات، مکمل معاوضہ کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم اور سی پی آئی قائدین کے ایک وفد نے آج کل ہند صنعتی نمائش کا دورہ کیا اور کل رات پیش آئے بھیانک آتشزدگی کے متاثرہ اسٹالس کا معائنہ کیا۔ صدر تلگو دیشم ایل رمنا ، سینئر قائد آر چندر شیکھر ریڈی اور سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے تباہ شدہ اسٹالس کا معائنہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی ۔ انہوں نے موجود عہدیداروں اور اسٹال مالکین سے تفصیلات حاصل کی۔ واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان قائدین نے مناسب معاوضہ کیلئے حکومت سے نمائندگی کا تیقن دیا ۔ متاثرہ تاجرین نے فائر سرویس ڈپارٹمنٹ اور نمائش سوسائٹی کے عہدیداروں کی لاپرواہی کی شکایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت کارروائی کی جاتی تو نقصانات کو کم کیا جاسکتا تھا ۔ تاجرین نے کہا کہ ان سے اسٹالس کیلئے بھاری رقومات حاصل کی گئیں لیکن آتشزدگی کی صورت میں احتیاطی اقدامات نہیں کئے گئے۔ آگ لگنے کے واقعہ کے بعد فائر انجن بھی تاخیر سے پہنچا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آر چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ اسٹالس کے الاٹمنٹ میں حفاظتی اقدامات کو نظر انداز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاوضہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں حکومت کو قواعد میں تبدیلی کرتے ہوئے مکمل معاوضہ ادا کرنا چاہئے۔ چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ جزوی امداد سے نقصانات کی بھرپائی نہیں ہوگی۔ انہوں نے آتشزدگی واقعہ کی وجوہات کا جائزہ لینے کیلئے تحقیقات کرنے اور خاطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے تاجر ہر سال نمائش میں حصہ لیتے ہیں۔ آگ لگنے کے واقعہ سے وہ بری طرح نقصان کا شکار ہوچکے ہیں۔ اس واقعہ میں کروڑ ہا روپئے مالیتی اشیاء جل کر خاکستر ہوگئی ۔ انہوں نے نمائش سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ آئندہ نمائش کے اہتمام سے قبل تمام احتیاطی اقدامات بالخصوص فائر سیفٹی کے سلسلہ میں ضروری قدم اٹھائے۔