تلگو دیشم اور بی جے پی میں اتحاد ’ سیاسی فحاشی ‘

کانگریس سے مسلم امیدواروں کے لیے انصاف کا مطالبہ : وی ہنمنت راؤ

حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے تلگو دیشم اور بی جے پی اتحاد کی مذمت کرتے ہوئے اس کو ’ سیاسی فحاشی ‘ قرار دیا ۔ ٹکٹوں کی تقسیم میں اقلیتوں سے انصاف کرنے کا ہائی کمان سے مطالبہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلگو دیشم اور بی جے پی کا اتحاد غیر اخلاقی اور غیر اصولی ہے ۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ دونوں جماعتیں علاقہ تلنگانہ میں انتہائی کمزور ہیں اور ایک دوسرے سے اتحاد کرتے ہوئے اپنے وجود کو برقرار رکھنے کی کوشش کررہی ہیں ۔ مگر وہ اپنے مقصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے ۔ چندرا بابو نائیڈو شاید اپنے ماضی اور اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کرسکتے ہیں مگر اقلیتیں بالخصوص مسلمان انہیں نظر انداز کرنے پر ہرگز فراموش نہیں کرسکتے ۔ 2002 کے دوران گجرات میں مسلمانوں کی نسل کشی ہوئی جس کی چندرا بابو نائیڈو نے مذمت کرتے ہوئے بی جے پی قیادت کو گجرات چیف منسٹر کے عہدے سے فوری نریندر مودی کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ تعجب ہے اسی مودی کو چندرا بابو نائیڈو وزیر اعظم بنانے کے معاملے میں بی جے پی کی تائید کررہے ہیں ۔ بی جے پی سے اتحاد کے باوجود 2004 میں تلگو دیشم پارٹی کو شکست ہوجانے کے بعد چندرا بابو نائیڈو نے بی جے پی سے اتحاد کو تاریخی غلطی قرار دیا تھا ۔انہوں نے صدر تلگو دیشم پارٹی کو مخالف تلنگانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کی تقسیم کو روکنے کے لیے چندرا بابو نائیڈو نے لمحے آخر تک کوشش کی تھی مگرناکام ہوگئے ۔ ہنمنت راؤ نے بی جے پی کے سینئیر قائد مسٹر ایل کے اڈوانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے دور اقتدار میں علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں چندرا بابو نائیڈو نے رکاوٹ پیدا کی تھی ۔ اب تلگو دیشم کو پوری طرح بی جے پی کے سینئیر قائد مسٹر وینکیا نائیڈو نے یرغمال بنالیا ہے ۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے ٹکٹوں کی تقسیم میں مسلمانوں سے انصاف کرنے کا کانگریس ہائی کمان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتیں کانگریس کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں ۔ اقلیتوں کو مطمئن کرنا کانگریس پارٹی کی ذمہ داری ہے ۔ کانگریس پارٹی فرقہ پرستوں کے خلاف مقابلہ کررہی ہے ۔ سیکولرازم کو فروغ دینے کے لیے جی توڑ کوشش کررہی ہے ۔ اقلیتوں کو تمام شعبہ حیات میں ترقی دینا کانگریس کی ذمہ داری ہے ۔ کانگریس کے مسلم قائدین ٹکٹوں کی تقسیم میں انصاف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے گاندھی بھون میں احتجاج کررہے ہیں ۔۔