پارٹی وفد کی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خان سے نمائندگی
حیدرآباد۔ 18 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی نے ریاستی حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، ٹی ہریش راؤ اور کے ٹی راما راؤ پر تلگو دیشم ارکان اسمبلی کو مختلف نوعیت کا لالچ دیتے ہوئے دباؤ ڈالنے اور ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا اور اس سلسلے میں تلگو دیشم ارکان اسمبلی کے ایک گروپ نے آج ڈائریکٹر جنرل آف اینٹی کرپشن بیورو ریاست تلنگانہ مسٹر اے کے خاں سے ملاقات کی اور تفصیلی یادداشت پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ، وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ اور وزیر پنچایت راج مسٹر کے ٹی راما راؤ پر ارکان اسمبلی تلگو دیشم پارٹی سے تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہونے پر بھاری رقومات کی لالچ دینے کے علاوہ مختلف کارپوریشن صدورنشین کے عہدے پر فائز کرنے کا وعدہ کرکے نہ صرف انہیں ذہنی طور پر بلکہ دیگر طریقہ کار کے ذریعہ ہراساں کیا جارہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو مسٹر اے کے خاں سے ملاقات کرنے والے تلگو دیشم پارٹی ارکان اسمبلی مسرز کے پی ویویکانند گوڑ اور ایس راجندر ریڈی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ چیف منسٹر اور مذکورہ وزراء کے ترغیبات سے انکار کردیئے جانے پر حلقہ اسمبلی ترقیاتی فنڈز کی اجرائی کو روک دیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں پارٹی تبدیلی نہ کرنے کی صورت میں افراد پر حملے کرنے کی دھمکیاں دینے کے علاوہ ٹیلیفون پر بھی دھمکایا جارہا ہے۔