تلگو دیشم ، تلنگانہ میں انتخابات کا سامنا کرنے تیار

حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری و آندھرا پردیش کے وزیر آئی ٹی نارا لوکیش نے کہا کہ تلنگانہ میں قبل از وقت انتخابات کا سامنا کرنے کے لیے تلگو دیشم پارٹی پوری طرح تیار ہے ۔ سیاسی جماعتوں سے اتحاد کے معاملے میں پولیٹ بیورو قطعی فیصلہ کرے گی ۔ تلنگانہ میں قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کے درمیان نارا لوکیش کے ریمارکس کو کافی اہمیت حاصل ہوگئی ہے ۔ انہوں نے سیاسی اتحاد کے معاملے میں تلگو دیشم کے دروازے کھلے ہونے کا اشارہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی انتخابات کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔ ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں پر تلگو دیشم مقابلہ کرے گی ۔ تلنگانہ میں قائدین پارٹی سے دور ہوئے ہیں ۔ مگر کیڈر آج بھی تلگو دیشم کے ساتھ ہے ۔ تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی بہبود کے لیے تلگو دیشم نے جو کام کیا ہے ۔ وہ ناقابل فراموش ہے ۔ تلنگانہ عوام کے دلوں میں آج بھی آنجہانی این ٹی آر اور سربراہ تلگو دیشم پارٹی چندرا بابو نائیڈو باقی ہے ۔ حیدرآباد کی ترقی ہائی ٹیک سٹی کا قیام تلگو دیشم کے کارنامے ہیں ۔ انہوں نے انتخابات میں سیاسی جماعتوں سے اتحاد کے بارے میں اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی حالت اور دوسرے امور کا جائزہ لیتے ہوئے اس کا قطعی فیصلہ پولیٹ بیورو کے اجلاس میں کیا جائے گا ۔۔