حیدرآباد 15 اپریل (سیاست نیوز ) تلنگانہ میں تلگودیشم بی جے پی اتحاد کی انتخابی مہم میں نریندر مودی، تلگودیشم صدر چندرا بابو نائیڈو اور فلم اسٹار پون کلیان کی مشترکہ شرکت کے امکانات ہیں۔ تلنگانہ میں بی جے پی اس اتحاد کا فائدہ اٹھانے کی بھر پور کوشش کررہی ہے دوسری طرف ریاست کی تقسیم کے سبب تلنگانہ میں کمزور تلگودیشم اپنے موقف کی بحالی کی فکر میں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 24 اور 26 اپریل کو نریندر مودی چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان مشترکہ طور پر عام جلسوں سے خطاب کریں گے ۔ تلگودیشم اور بی جے پی قائدین جلسوں کے انتظامات کی تیاری میں مصروف ہوچکے ہیں بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد ،کریم نگر اور نظام آباد میں بڑے پیمانے پر جلسوں کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ دونوں پارٹیوں کے قائدین انتظامات کے سلسلہ میں مشاورت اور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ یکم مئی کے بعد سیما آندھرا کے علاقوں میں یہ تینوں شخصیتیں انتخابی مہم میں حصہ لیں گی۔ سیما آندھرا کے دورے کے پروگرام کو قطعیت دی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نریندر مودی کو سیما آندھرا میں انتخابی مہم کیلئے بعض تاریخیں روانہ کی گئی اور وہ دو تواریخ کا انتخاب کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے قائدین کو اطلاع دیں گے ۔ سیما آندھرا میں وجئے واڑہ تروپتی ،نرسا پورم ،اننت پور اور وشاکھاپٹنم میں جلسوں کے انعقاد کا منصوبہ ہے ۔ تلگودیشم قائدین کو یقین ہے کہ نریندر مودی کے ساتھ چندرا بابو نائیڈو کی انتخابی مہم سے دونوں ریاستوں میں پارٹی کو فائدہ ہوگا ۔ پون کلیان کی مہم نوجوان طبقہ کو راغب کرنے میں اہم رول ادا کرسکتی ہے۔ اسی دوران پون کلیان نے ملکاجگری لوک سبھا حلقہ سے لوک ستہ کے سربراہ ڈاکٹر جئے پرکاش نارائن کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ اگرچہ وہ خود اس حلقہ سے مقابلے کے خواہاں تھے لیکن اب جئے پرکاش نارائن کی تائید کرے گی۔ جنا سینا نامی نئی پارٹی کے سربراہ پون کلیان نے کہا کہ ان کی پارٹی این ڈی اے کا حصہ رہے گی ۔ انہوں نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ تلگودیشم اور بی جے پی کے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے میں اُن کا کوئی رول نہیں۔ پون کلیان نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اور نریندر مودی کے ساتھ انتخابی مہم کی تاریخوں کا جلد اعلان کیا جائے گا۔