تلگو اور انگریزی پر عبور حاصل کرنے کا مشورہ

حیدرآباد ۔ 25 ۔ فبروری ( نیوز کلب ) سابق وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی وڈین فیکلٹی آف کامرس عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر میر اکبر علی خان نے مسلمانوں کو مادری زبان اردو کے ساتھ ہی ساتھ تلگو ، انگریزی اور ہندی زبانوں پر عبور حاصل کرنے کی ترغیب دی کیونکہ تعلیمی ، معاشی ، سماجی و سیاسی پسماندگی کے خاتمہ اور ترقی و کامرانی کے حصول کیلئے ایسا کرنا بے حد ضروری ہے ۔ پروفیسر اکبر علی خان نے جو مجاہد آزادی اور ہندوستان کے پہلے وزیرتعلیم مولانا ابوالکلام آماد کے یوم وفات کے موقع پر قومی سیاست کمیٹی کے زیراہتمام حیدرآباد میں سمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ صدر جمعیۃ العلما تلنگانہ و آندھراپردیش و رکن قانون ساز کونسل حافظ پیر شبیر احمد نے جو اعزازی مہمان تھے بتایا کہ مولانا ابوالکلام آزاد جمعیۃ العلما کے صدر کے عہدہ پر بھی فائز ہوئے تھے ۔ لہذا انہیں اس تنظیم سے اپنی وابستگی پر ناز ہے ۔ ڈاکٹر ایم چناریڈی کے پوتے مسٹر آدتیہ ریڈی نے بحیثیت اعزازی مہمان خطاب کرتے ہوئے تعلیم یافتہ مسلمانوں کے بہت ہی کم فیصد پر اظہار تشویش کیا۔ کانگریس قائد مسٹر خلیق الرحمن نے بتایا کہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس آفیسرز میں مسلمانوں فیصد نہ ہونے کے برابر اور صرف 1.5 فیصد ہے ۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ مسلمان اعلی تعلیم حاصل کریں اور آئی اے ایس اور آئی پی ایس آفیسرز بننے کی بھی کوشش کریں۔ پروفیسر صادق شریف ، مسٹر ناظم الدین ، مسٹر رحیم الدین ، نائب صدر نمائش سوسائٹی مسٹر مخیر حیدر اور مسٹر پرویز چودھری نے مخاطب کیا ۔ نواب بہبود علی خان نے بھی اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی ۔ مسٹر کے ایل سرینواس ، مسٹر وجئے کمار ، مسٹر محمد اشرف ، مسٹر سید مجیب الدین اور مسٹر اشوک کمار بھی شریک سمینار تھے ۔ مسٹر ایس کے افضل الدین نے صدارت کی اور ڈاکٹر ایم اے انصاری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔