بی جے پی لیڈر سے گاندھی نگر میں ملاقات ۔ گجرات ماڈل ترقی کو ملک بھر میں رائج کرنے پر زور
احمد آباد / حیدرآباد 24 جنوری ( پی ٹی آئی ) معروف تلگو اداکار اکینینی ناگرجنا نے آج وزارت عظمی کیلئے نریندر مودی کی امیدواری کی تائید کا اعلان کیا ہے تاہم انہوں نے بی جے پی کیلئے لوک سبھا انتخابات میں مہم چلانے سے انہوں نے انکار کردیا اور کہا کہ وہ سیاست میں بھی داخل نہیں ہونے والے ہیں۔ ناگرجنا نے گاندھی نگر میں نریندر مودی سے ملاقات کی اور وہ ایک ہفتے میں بی جے پی امیدوار کی تائید کرنے والے دوسرے تلگو فلم اسٹار ہیں۔ انہوں نے نریندر مودی سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات کے بعد کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم بنیں اور ترقی کے گجرات ماڈل کو ملک بھر میں ترقی دیں۔ ناگرجنا کئی ہندی فلموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی پارٹی کے حق میں انتخابی مہم نہیں چلائیں گے ۔ انہوں نے اس خیال سے انکار کردیا کہ وہ اپنی شریک حیات کیلئے لوک سبھا حلقہ سے ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے مودی سے ملاقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاست میںداخل نہیں ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے یا ان کی شریک حیات کے لوک سبھا حلقہ سے ٹکٹ حاصل کرنے کی کوششوں سے متعلق میڈیا کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے نہ خود کیلئے اور نہ شریک حیات کیلئے ٹکٹ طلب نہیں کیا ہے ۔ نریندر مودی نے اس ملاقات کے بعد اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ معروف اداکار ناگرجنا کے ساتھ ان کی بہت اچھی ملاقات رہی ہے ۔
وہ دیہی ترقی میں دلچسپی رکھتے ہیں اور دوسرے مسائل سے بھی انہیں دلچسپی ہے ۔ واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل ہی ایک اور تلگو اداکار پون کلیان نے بھی گاندھی نگر پہونچ کر نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اور بی جے پی وزارت عظمی امیدوار کی تائید کا اعلان کیا تھا ۔ پون کلیان مرکزی وزیر و معروف اداکار چرنجیوی کے چھوٹے بھائی ہیں اور انہوں نے ایک ہفتے قبل ہی اپنی نئی سیاسی جماعت جنا سینا قائم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے بھی وزارت عظمی کیلئے نریندر مودی کی تائید کی تھی ۔ انہوں نے آندھرا پردیش میں بی جے پی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کا اعلان کیا تھا ۔ آج دن میں ناگرجنا نے سابرکنٹھا ضلع میں پوسری گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے دیہی ترقیات کے پروگراموں سے وقافیت حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ گاؤں میں بھی انٹرنیٹ اور وائی فائی کنکشن ہے اور سارے گجرات میں بلا وقفہ برقی سربراہ کی جاتی ہے جبکہ حیدرآباد میں جہاں وہ رہتے ہیں جوبلی ہلز میں تین گھنٹے برقی کٹوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی وزیر اعظم بن جاتے ہیں اور ترقی کے گجرات ماڈل کو سارے ملک میں رائج کریں تو اچھا ہوگا ۔ ۔ ناگرجنا کو آندھرا کے سابق چیف منسٹرس چندرا بابو نائیڈو اور راج شیکھر ریڈی سے قربت رکھنے والا سمجھا جاتا تھا ۔