تلگودیشم ۔ بی جے پی مفاہمت پر بات چیت جاری ‘ اگادی پر اعلان متوقع

حیدرآباد /28 مارچ ( سیاست نیوز ) تلگو دیشم پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان انتخابی مفاہمت تقریباً قطعیت پاچکی ہے اور بہت جلد اس انتخابی مفاہمت کا باضابطہ اعلان ہونے کی توقع ہے ۔ صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے بھارتیہ جنتا پارٹی قومی ترجمان مسٹر پرکاش جاؤڈیکر نے ان کی قیامگاہ واقع جوبلی ہلز پر دو گھنٹے طویل ملاقات کی اس ملاقات کے دوران دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان نشستوں کی تقسیم اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب تلگودیشم پارٹی نے تلنگانہ میں 35 اسمبلی کی نشستوں کے علاوہ 9 حلقہ جات پارلیمنٹ بی جے پی کیلئے چھوڑنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے اور بتایا جارہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی بھی نشستوں کی اس تعداد پر رضامند ہے ۔ ان دونوں قائدین کے درمیان ہوئی اس ملاقات کے دوران تلگودیشم کے دیگر قائدین مسٹر وائی سجنا چودھری ، مسٹر ای دیاکر راؤ ، مسٹر ایم نرسمہلو کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔

تلگودیشم پارٹی کے بی جے پی سے اتحاد کے مسئلہ پر پارٹی کے کچھ گوشوں میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ اس کے باوجود مسٹر نائیڈو کی جانب سے زعفرانی جماعت کے ساتھ اتحاد کیلئے بات چیت کا عمل تلگودیشم پارٹی کی بقاء تصور کیا جارہا ہے۔ پارٹی قائدین کا دعوی ہے کہ تلگودیشم ، بی جے پی اتحاد تلنگانہ میں پارٹی کو فائدہ پہونچائے گا ۔ اسی طرح تلگودیشم پارٹی منقسم آندھراپردیش کے اضلاع میں بی جے پی کو 5 پارلیمانی حلقے اور 15 حلقہ جات اسمبلی کی حوالگی پر رضامندی ظاہر کی ہے ۔ باثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب تلگودیشم ، بی جے پی اتحاد کا باضابطہ اعلان تلگو سال نو ’’ اگادی ‘‘ کے موقع پر کئے جانے کا منصوبہ ہے اور اس سلسلہ میں آئندہ دو یوم کے دوران مزید بات چیت کے دوران بھی ہونے کی توقع ہے ۔ تلگودیشم پارٹی نے 30 مارچ بروز اتوار پارٹی پولیٹ بیورو کا اجلاس طلب کیا جس میں اس فیصلہ کو قطعیت دئے جانے کا امکان ہے ۔