تلگودیشم گروپ کے ٹی آر ایس میں انضمام کی خواہش

اپوزیشن کے پانچ منحرف ارکان کی صدرنشین قانون ساز کونسل سے ملاقات
حیدرآباد۔3نومبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے منحرف ارکان قانون ساز کونسل نے آج اپنی ایک نئی چال چلتے ہوئے صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر سوامی گوڑ سے ملاقات کر کے انہیں تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں ضم کردینے کی خواہش کی ۔ بتایا جاتا ہیکہ تلنگانہ قانون ساز کونسل میں تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے جملہ 7ارکان تھے جن کے منجملہ پانچ ارکان قانون ساز کونسل تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسرس بی وینکٹیشورلو ‘ بی لکشمی نارائنا ‘ محمد سلیم ‘ پی نریندرریڈی ‘ گنگادھر گوڑ نے تلگودیشم پارٹی سے انحراف کر کے تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہوگئے تھے اور اس طرح تلنگانہ قانون ساز کونسل میں تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے صرف دو ارکان ہی رہ گئے ہیں ۔ لہذا اکثریتی ارکان قانون ساز کونسل تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے برسراقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہوجانے کے باعث ان پانچ ارکان کونسل کو فی الفور ٹی آر ایس مقننہ پارٹی قانون ساز کونسل میں ضم کردینا چاہیئے ۔ مزید بتایا جاتا ہیکہ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے منحرف پانچ ارکان قانون ساز کونسل کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا اور اس اجلاس میں تلنگانہ تلگودیشم مقننہ پارٹی قانون ساز کونسل کو متفقہ طور پر اکثریتی ارکان کی اساس پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں ضم ہوجانے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلہ میں باقاعدہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی اور اس قرارداد کو صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر سوامی گوڑ سے ملاقات کر کے پیش کی اور بتایا کہ دسویں شیڈول کے پیرا نمبر (4) کے تحت ہی ٹی آر ایس میں ضم ہوجانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ 5نومبر سے شروع ہونے والے تلنگانہ قانون ساز کونسل کے بجٹ اجلاس کے آغاز کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلگودیشم پارٹی سے انحراف کر کے تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کرلینے سے امکانی طور پر نااہل قرار دیئے جانے کے خدشہ کے تحت ہی ان منحرف ارکان قانون ساز کونسل تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے یہ نئی حکمت عملی اختیار کی ہے تاکہ قانون انحراف کی روشنی میں نااہل قرار دیئے جانے سے اپنے آپ کو محفوظ رکھ لے سکیں ۔