تلگودیشم کے کئی قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کی تیاریاں

کے ایس رتنم ‘ مہیندر ریڈی و نریندر ریڈی کی کے سی آر سے دہلی میں ملاقات

حیدرآباد۔/25فبروری، ( سیاست نیوز) علحدہ تلنگانہ ریاست کے حق میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بل کی منظوری کے ساتھ ہی تلگودیشم کے تلنگانہ قائدین ٹی آر ایس میں شمولیت کی تیاری کررہے ہیں تاکہ آئندہ عام انتخابات میں ٹی آر ایس کا ٹکٹ حاصل کرتے ہوئے اسمبلی یا پارلیمنٹ کیلئے منتخب ہوسکیں۔ رنگاریڈی سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم کے دو ارکان اسمبلی کے ایس رتنم اور مہیندر ریڈی کے علاوہ رکن قانون ساز کونسل نریندر ریڈی نے آج نئی دہلی میں ٹی آر ایس کے صدر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ چندرشیکھر راؤ نے اُن کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے حیدرآباد واپسی کے بعد رسمی طور پر شمولیت کو منظوری دی۔ تلگودیشم کے ارکان اسمبلی نے کہا کہ وہ تلنگانہ ریاست کی تعمیرِ نو میں کے سی آر کی قیادت میں کام کرنا چاہتے ہیں۔تلگودیشم پارٹی کی جانب سے تلنگانہ مسئلہ پر غیر واضح موقف اور تقسیم کی مخالفت کے سبب تلنگانہ عوام میں پارٹی کے تئیں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ اس صورتحال کے سبب بتایا جاتا ہے کہ کئی ارکان اسمبلی ٹی آر ایس میں شمولیت کا من بنا چکے ہیں اور وہ چندر شیکھر راؤ سے ربط میں ہیں۔

عادل آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی جی نگیش نے چندر شیکھر راؤ سے پارٹی میں شمولیت کے مسئلہ پر بات چیت کی اور توقع ہے کہ صدر جمہوریہ کی جانب سے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی وہ ٹی آر ایس میں شامل ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ رنگاریڈی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی اور سابق ڈپٹی اسپیکر ہریشور ریڈی پہلے ہی تلگو دیشم پارٹی سے بغاوت کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ تلگودیشم تلنگانہ ارکان اسمبلی کی شمولیت کی اطلاعات کے دوران ٹی آر ایس مطمئن ہے کہ آنے والے انتخابات میں ضلع رنگاریڈی میں بھی پارٹی بہتر مظاہرہ کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ تلگودیشم کے بعض دیگر تلنگانہ قائدین سے بھی ٹی آر ایس قائدین ربط پیدا کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کی ترغیب دے رہے ہیں۔