تلگودیشم کے منتخب ایم پیز و ایم ایل ایز کی چندرابابو سے ملاقات

صدر ٹی ڈی پی کی رہائش گاہ سیما آندھرا سیاسی سرگرمیوں کے مرکز میں تبدیل، تشکیل حکومت پر تبادلہ خیال

حیدرآباد 18 مئی (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم مسٹر این چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے سیما آندھرا علاقوں میں بھاری اکثریت حاصل کرنے پر مبارکباد دینے والوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔ مسٹر نائیڈو کی قیامگاہ واقع جوبلی ہلز پر آج تلگو فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی اہم شخصیتوں نے ملاقات کرتے ہوئے اُنھیں مبارکباد پیش کی اور نیک توقعات کا اظہار کیا۔ مسٹر رایا پاٹی سامبا شیوا راؤ جوکہ نرساراؤ پیٹ سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں، کے علاوہ مسٹر گلا جئے دیو رکن پارلیمنٹ گنٹور، مسٹر ماگنٹی بابو رکن پارلیمنٹ ایلورو، مسٹر مرلی موہن رکن پارلیمنٹ راجمندری نے بھی آج مسٹر این چندرابابو نائیڈو سے اُن کی قیامگاہ پر ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ علاوہ ازیں تلگودیشم پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی مسٹر بی گوپالا کرشنا ریڈی، مسٹر ڈی نریندرا اور دیگر نے صدر تلگودیشم سے ملاقات کرتے ہوئے سیما آندھرا کے سیاسی حالات پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر تلگودیشم مسٹر این چندرابابو نائیڈو تشکیل حکومت کے سلسلہ میں پارٹی کے دیگر اہم قائدین اور منتخبہ ارکان اسمبلی وغیرہ سے تبادلہ خیال میں مصروف ہیں۔ صدر تلگودیشم پارٹی کی قیامگاہ سیما آندھرا میں حکومت کی تشکیل کے سلسلہ میں سرگرمیوں کا مرکز بنی ہوئی ہے جہاں وزارت کے خواہشمند منتخبہ ارکان اسمبلی کے علاوہ پارٹی کے حامیوں کی کثیر تعداد پہونچ رہی ہے جو مسٹر نائیڈو سے راست ملاقات کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیابی اور تشکیل حکومت کے موقف پر تلگودیشم پارٹی کو مبارکباد دینا چاہتی ہے۔ مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے اِس موقع پر ملاقات کرنے والوں سے بات چیت کے دوران کہاکہ یہ کامیابی اُن کی شخصی نہیں ہے بلکہ عوام کا اعتماد ہے جس کے حصول کے لئے گزشتہ 10 سال سے تلگودیشم پارٹی قائدین عوام کے درمیان رہتے ہوئے اقتدار نہ ہونے کے باوجود خدمت میں مصروف رہے۔ مسٹر نائیڈو نے پارٹی کی کامیابی کو جہد مسلسل اور مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ عوام کی توقعات کو پورا کرنا اب پارٹی کی ذمہ داری ہے اور اِس سلسلہ میں وہ زیادہ سے زیادہ محنت کریں گے۔