تلگودیشم کے رکن پارلیمان ملا ریڈی کی ٹی آر ایس میں شمولیت

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی فلاحی اسکیمات سے متاثر ہونے کا ادعا

حیدرآباد ۔ یکم جون (سیاست نیوز) تلگو دیشم پارٹی آج تلنگانہ میں اپنے واحد رکن پارلیمنٹ سے محروم ہوچکی ہے۔ اس طرح تلنگانہ میں اب پارٹی کا کوئی بھی رکن پارلیمنٹ موجود نہیں رہے گا ۔ حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری سے تلگو دیشم پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ملا ریڈی نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی موجودگی میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ ملا ریڈی کے تلنگانہ میں کئی تعلیمی ادارے ہیں اور وہ چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو کے قریبی مانے جاتے تھے ۔ حالیہ عرصہ میں تلگو دیشم ارکان اسمبلی کی شمولیت کے موقع پر ملا ریڈی نے ٹی آر ایس میں شمولیت سے گریز کیا تھا ۔ اب جبکہ تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کا وجود کمزور ہوچکا ہے۔ انہوں نے تلگو دیشم چھوڑنے اور ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، ریاستی وزراء مہیندر ریڈی ، ای راجندر ، ارکان پارلیمنٹ وشویشور ریڈی ، ونود کمار کے علاوہ ارکان اسمبلی ویویک، کرشنا راؤ ، سدھیر ریڈی اور گریٹر حیدرآباد کے ٹی آر ایس قائدین موجود تھے ۔ اس موقع پر ملا ریڈی نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے انہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ کے سی آر حکومت نے عوام کی بھلائی کیلئے جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے ، وہ کافی متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکاجگری لوک سبھا حلقہ کی ترقی کیلئے وہ ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔ انہیں یقین ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حلقہ کی ترقی میں تعاون کریں گے ۔ انہوں نے غریبوں کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات ، مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا جیسے اسکیمات کی ستائش کی۔ ملا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو اور آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو اپنی ریاست اور عوام کی ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔

یہ دونوں چیف منسٹرس اپنی ریاستوں کی ترقی کے بارے میں واضح منصوبہ رکھتے ہیں۔ اس موقع پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو تعاون کرنا چاہئے ۔ یہ کام صرف حکومت سے ممکن نہیں ہے، لہذا وہ تمام جماعتوں سے تعاون کے خواہاں ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ متحدہ مساعی کے ذریعہ ریاست کی ترقی ممکن ہے۔ سیاسی قائدین کو اختلافات فراموش کرتے ہوئے ریاست کی بھلائی کے حق میں ایک پلاٹ فارم پر آنا چاہئے ۔ ہر مسئلہ کو سیاسی نظریہ سے دیکھنا مناسب نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملا ریڈی اور ان کے ساتھیوں کا وہ پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہیں جو ریاست کی ترقی میں اپنا رول ادا کرنے کیلئے ٹی آر ایس میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے قائدین سے کہا کہ وہ پارٹی میں نئے شامل ہونے والے افراد کو ساتھ لیکر کام کریں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یوم تاسیس تلنگانہ کی تقاریب بڑے پیمانہ پر منعقد کی جارہی ہے اور وہ ریاست کی ترقی کے سلسلہ میں اپنے وعدوں پر عمل آوری کے پابند ہیں۔
اس موقع پر ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں نے  ملا ریڈي کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے ملکاجگری اور دیگر علاقوں میں پارٹی مستحکم ہوگی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں تلگو دیشم کے صرف تین ارکان اسمبلی باقی رہ گئے ہیں، جن میں سے دو ووٹ برائے نوٹ اسکام میں بحیثیت ملزمین شامل ہیں۔