حیدرآباد، 12؍ اکتوبر (یواین آئی) آندھراپردیش کی حکمران جماعت تلگودیشم کے رکن راجیہ سبھا سی ایم رمیش کے دفاتر پرآئی ٹی کے افسروں نے چھاپے مارے ۔ان کے آبائی ضلع کڑپہ کے ایرگنٹلہ منڈل کے پوٹلادُرتی میں واقع ان کے مکان سمیت حیدرآباد میں واقع مکان ،ان کی کمپنی کے دفاتر پر آئی ٹی کے 30افسروں نے چھاپے مارے ۔آج صبح تقریبا آٹھ بجے پوٹلادُرتی میں واقع ان کے مکان آئی ٹی کے 15افسر پہنچے ۔اس وقت مسٹررمیش کے بھائی سی ایم سریش ہی مکان میں موجود تھے ۔افسروں نے ان کو مکان کے باہر کرکے دروازے لگادیئے ۔آئی ٹی کے افسروں نے تمام کمروں کی تلاشی لی ۔ بتایاجاتا ہے کہ بعض دستاویزات کی بھی افسروں نے جانچ کی۔ساتھ ہی حیدرآباد کے علاقہ جوبلی ہلز میں سی ایم رمیش کے مکان سمیت ان کے ادارہ رتویک پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ کے دفتر کی بھی تلاشی لی گئی۔اسی دوران مسٹر رمیش نے ان چھاپوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ان کی جماعت تلگودیشم نے ریاست سے مرکز کی ناانصافی پر آوازاٹھائی تھی جس پر ان کو نشانہ بناتے ہوئے یہ کارروائی کی گئی۔وہ فی الحال دہلی میں ہیں۔انہوں نے اس سلسلہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان چھاپوں کی شدید مذمت کی۔انہوں نے الزام لگایا کہ ان آئی ٹی چھاپوں میں مرکزی حکومت کا ہاتھ ہے ۔انہوں نے کہاکہ آئی ٹی کے چھاپوں کے ذریعہ مرکزی حکومت انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اے پی میں آنے والی سرمایہ کاری کو روکنے کے لئے یہ کوششیں مرکزی حکومت کی جانب سے کی جارہی ہیں تاہم کسی بھی سازش کے باوجود اے پی کے مفادات پر کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی۔ رمیش نے واضح کیا کہ اے پی کے ضلع کڑپہ میں اسٹیل فیکٹری کے قیام کے لئے ان کی بھوک ہڑتال پر ہی ان کو نشانہ بناتے ہوئے یہ آئی ٹی کارروائی کی گئی ہے ۔اسٹیل فیکٹری کے قیام کے مطالبہ پر کی گئی بھوک ہڑتال کی تکمیل کے 100دن پر جمعرات کو مرکزی وزیر بیریندر سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے اسٹیل پلانٹ کے قیام کامطالبہ کیاگیا تھا جس پر آئی ٹی کے یہ چھاپے مارے گئے ۔رمیش نے کہاکہ مرکزی حکومت کی اے پی سے ناانصافی کو وہ عوام کے سامنے لے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ تمل ناڈو، کرناٹک ، اترپردیش ، تلنگانہ سمیت آندھراپردیش میں مرکزی حکومت کے خلاف آواز اٹھانے والوں کے خلاف آئی ٹی کی کارروائی کرتے ہوئے چھاپے مارے گئے ۔رکن راجیہ سبھانے نشاندہی کی کہ انہوں نے کوئی بھی غلطی نہیں کی ہے اور ان کے حامیوں کو مشورہ دیا کہ وہ آئی ٹی چھاپوں کے خلاف گاندھیائی طریقہ سے احتجاج کریں۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے مفادات کے تعلق سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدانہیں ہوتابلکہ ان مفادات کے لئے مرکزی حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ دس دنوں کے دوران آئی ٹی کے چھاپوں نے اے پی میں سنسنی پھیلادی ہے ۔نیلور کے تلگودیشم لیڈر بی مستان راو کے مکان میں آئی ٹی کے افسروں نے تلاشی لی تھی۔اس کے بعد وجئے واڑہ ،گنٹورمیں کارپوریٹ ادارہ کے دفتر کی بھی تلاشی لی گئی تھی۔ تلگودیشم کے لیڈروں نے سی ایم رمیش کے مکان پر آئی ٹی کے چھاپوں کی مذمت کی اور الزام لگایا کہ مرکز رمیش کو نشانہ بنارہا ہے ۔
امبیڈکر اوپن یونیورسٹی ڈگری میں داخلے
حیدرآباد ۔12 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں ڈگری سطح کے کورسز بی اے ، بی کام ، بی ایس سی میں انٹر کامیاب یا اہلیتی امتحان (انٹرنس ) کامیاب امیدواروں کے لیے داخلے ہیں تین سالہ ڈگری کورس دیگر یونیورسٹیز کے مماثل ہے ۔ معلومات اور رہبری کیلئے 24510012 پر ربط کریں ۔۔