حیدرآباد۔ 26 مئی (سیاست نیوز) تلگو دیشم پارٹی کا 33 واں ’مہا ناڈو‘ 27 اور 28 مئی کو گنڈی پیٹ میں واقع این ٹی آر میموریل اسکول کے وسیع و عریض میدان میں منعقد ہوگا۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو صبح 8:30 بجے مہا ناڈو اجلاس کا افتتاح انجام دیں گے۔ اس دو روزہ اجلاس کے دوران پارٹی کی آئندہ کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ اجلاس میں کارپوریشن کے انتخابات کے پیش نظر خصوصی طور پر بلدی انتخابات میں پارٹی کے منشور کا جائزہ لیا جائے گا۔ مسٹر نائیڈو دو روزہ اجلاس کے دوران تلگو دیشم پولیٹ بیورو ارکان کا اجلاس منعقد کرکے پارٹی کی سیما۔ آندھرا اور تلنگانہ میں صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
اس اجلاس میں 2014ء عام انتخابات کے نتائج کا جائزہ لیتے ہوئے پارٹی کو بنیادی سطح پر مستحکم کرنے کا فیصلہ کئے جانے کا امکان ہے۔ اجلاس کے پہلے دن قرارداد پر مباحث کے علاوہ تصویری نمائش کا افتتاح، بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح انجام دیا جائے گا۔ تلنگانہ کیلئے قربانی دینے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کی جائیگی۔ اس موقع پر بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں کے خلاف قرارداد پیش کی جاسکتی ہے۔ اجلاس کے دوسرے دن یعنی 28 مئی کو آنجہانی این ٹی راما راؤ کے 91 ویں یوم پیدائش تقریب کا انعقاد عمل میں آئے گا اور مسٹر نائیڈو تلگو دیشم قائدین و افراد خاندان کے ہمراہ این ٹی آر گھاٹ پہونچ کر آنجہانی قائد کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ اجلاس کے دوسرے دن تمام سیاسی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ اس موقع پر ملک کی ترقی کے ساتھ ریاست کی ترقی کیلئے تلگو دیشم کی خدمات اور مستقبل کے لائحہ عمل کیلئے متعدد نئی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ پی ٹی آئی کے بموجب تلگو دیشم ذرائع نے بتایا کہ تلگو دیشم پارٹی مہاناڈو میں پارٹی سے متعلق تمام موضوعات کو زیر بحث لائے گی ۔ جب کہ الیکشن کمیشن سے پارٹی کو قومی جماعت کا موقف دینے کی درخواست کی جائیگی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلگو دیشم پڑوسی ریاستوں جیسے ٹاملناڈو، کرناٹک میں اپنا اثر بڑھائے گی
جب کہ جزائر انڈومان نکوبار میں پارٹی کے پہلے ہی یونٹس قائم ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ مہاناڈو کے دوران ریاست تلنگانہ کیلئے علحدہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور چندرا بابو نائیڈو کا آندھرا پردیش یونٹ صدر کی حیثیت سے دوبارہ انتخاب کیا جائے گا ۔ دیگر امور کے علاوہ مہاناڈو میں ہندوستان کو رشوت ستانی سے پاک بنانے کا حلف لیا جائے گا ۔ جبکہ پارٹی کی اے پی میں جیت کو مہاناڈو سے معنون کیا جائے گا ۔ ٹی ڈی پی سکریٹری ٹی ڈی جناردھن نے بتایا کہ ٹی ڈی پی نے مرکز میں این ڈی اے کی حلیف کے طور پر ریاست میں غربت کو دور کرنے میں پیشرفت کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تنظیمی امور کے علاوہ پارٹی انتخابی منشور کے نفاذ پر بھی تبادلہ خیال کرے گی اور تلنگانہ حکومت پر دباؤ بنائے گی کہ وہ علاقے کے عوام کے مسائل کو حل کریں ۔ این ٹی آر کی یوم پیدائش کے موقع پر مہاناڈو کا انعقاد عمل میں آتا ہے ۔ مہاناڈو میں 20 ہزار مندوبین کی شرکت متوقع ہے ۔